نیب کی رپورٹ آنے تک سندھ کی حکومت چلے گی،ستر سال کی تباہی پانچ ماہ میں ختم نہیں ہو سکتی، فردوس شمیم نقوی
کراچی(این این آئی)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اورپاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ نیب کی رپورٹ آنے تک سندھ کی حکومت چلے گی،ستر سال کی تباہی پانچ ماہ میں ختم نہیں ہو سکتی، حج قرض یا سبسڈی سے نہیں ہونا چاہئے، ملک کو معاشی مسائل کا سامنا ہے اس سال کفایت شعاری کرلی جائے،وزیر اعظم عمران خان کو سب سے زیادہ مقروض حکومت ملی ہے، پیٹرول کی قیمت میں کمی کو اونٹ کے منہ میں زیرہ کہنے والوں کو یہ بات یاد رکھنی چاہیئے کہ قطرہ قطرہ دریا بناتا ہے،سندھ حکومت کے کارنامے جلد سامنے لائوں گا،اندرون سندھ کی حالت بہت خراب ہے اور سندھ حکومت اور ان کے لاڈلے جیب گرم کرنے میں مصروف ہیں ۔جمعہ کو اندرون سندھ دورے پرروانگی سے قبل کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کی حکمران جماعت صوبے میں ترقی کا دعوی کرتی ہے، سندھ میں اس ترقی کا مشاہدہ کرنے جا رہا ہوں۔فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ٹنڈوالہ یار گیا تھا، وہاں اسپتال کا حال برا تھا، اسپتال کے ایم ایس نے بتایا صفائی کے لیے بھی افرادی قوت نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹنڈوالہ یار کے اسپتال کا اسٹورکیپرارب پتی بن گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ صرف کراچی کا نہیں پورے سندھ کی اپوزیشن کا لیڈرہوں، ہفتے میں 2 دن اندرون سندھ میں گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے 90 ارب روپے نظر نہیں آتے اور ٹنڈو الہ یار میں سیوریج کا نظام دور دور تک نظر نہیں آتا۔ یہ جیبیں بھرنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیئے۔ اس حوالے سے اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور پولیس اسٹیشنز کے دورے کروں گا۔انہوں نے کہاکہ میں تمام سندھی بھائیوں کو احساس دلانا چاہتا ہوں کہ ان کے مسائل جاننے کے لیے خود آرہا ہوں۔ سندھ حکومت نیب کا فیصلہ آنے تک رکی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ امپورٹ کم کرکے ایکسپورٹ بڑھائیں گے توملک میں معاشی استحکام آئے گا۔ سرمایہ کارہ ہو گی تو غریب لوگوں کے دن بدلیں گے۔حج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہر سال سعودی حکومت حج کو 10 فیصد مہنگا کرتی ہے۔ اس سال سب کو کفایت شعاری کرنی چاہیئے اور صاحب استطاعت لوگوں کو ہی حج کے لیے جانا چاہیئے۔کچھ لوگ تو رشوت لے کر عمرے کرتے ہیں ۔فردوس شمیم نقوی نے کہا حکومت کے پاس معیشت کی بہتری کیلئے جن نہیں ہیں، رفتہ رفتہ حالات بہتر ہوں گے، انھوں نے الزام لگایا کہ آصف زرداری محبت سے نہیں خوف سے حکومت کرتے ہیں، انتخابی امیدواروں کی سلیکشن کیلئے اندرون سندھ جا رہا ہوں۔