عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت کیخلاف ملک بھر میں درج توہین مذہب کے مقدمات چیلنج
پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان سمیت اپنے رہنماؤں پر درج توہین مذہب کے مقدمات کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔
ملک کے مختلف حصوں میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف مسجد نبوی میں پیش آئے واقعے پر توہین مذہب کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی نے ملک بھر میں درج مقدمات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں وزیر داخلہ ، سیکریٹری داخلہ ، ڈی جی ایف آئی اے، پنجاب ، سندھ ، بلوچستان کے آئی جیز پولیس کو فریق بنایا گیا۔