سستی پن بجلی مہنگی کرنے کی واپڈا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد: واپڈا نے سستی پن بجلی مہنگی کرنے کے لیے نیپرا میں درخواست دے دی، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ 21 پلانٹس کا اوسط ٹیرف 3.68 روپے فی یونٹ سے بڑھا کر 4.15 روپے مقرر کیا جائے۔
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی سربراہی میں درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں واپڈا کی مالی سال 2022-23 کے ٹیرف میں اضافے کی درخواست کا جائزہ لیا گیا۔ واپڈا کی جانب سے دی گئی درخواست میں مالی سال 2021-22 کے 21 پلانٹس کا اوسط ٹیرف 3.68 پیسے سے بڑھا کر مالی سال 2022-23 کیلیے 4.15 روپے فی یونٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوران سماعت چیئرمین نیپرا نے واپڈا کی جانب سے سستی بجلی کی پیداوار پر کارکردگی کی تعریف کی، تاہم انہوں نے پن بجلی کے پلانٹس کے کم استعمال پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔ اتھارٹی نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے بعد میں جاری کرنے اور اعداد شمار کا جائزہ لینے کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اعلان کردیا۔