اخبارات کی بندش کی کوشش بحران جنم لے سکتا ہے،فیصل کاکڑ
سرکاری اشتہارات کو BPPRA کومنتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،سیکرٹری اطلاعات پشتونخوامیپ کوئٹہ
کوئٹہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ نے کہا ہے کہ آزادی صحافت صرف نام کی حد تک رہ گئی ہے،آزادی صحافت کے عالمی دن پر صحافیوں کا اپنے حقوق کے لیے احتجاج اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ نہ ہی صحافت آزاد ہے اور نہ ہی اس ملک میں آزادی رائے کا حق کسی کو حاصل ہے۔ملکی آئین کی پائمالی کرتے ہوئے فارم 47کی حکومت کی جانب سے آزادی رائے پر قدغنوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، میڈیا پر سنسر شپ پہلے سے عائدجبکہ اب پیکا ایکٹ کے سیاہ قانون کو لاگو کیا گیا اور اخباری صنعت کو تباہی سے مزید دوچار کرنے کے لیے سرکاری اشتہارات کو BPPRA کومنتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے باعث صوبے سے شائع ہونیوالے اخبارات اور جرائدجن کا سرکاری اشتہارات پر ہی انحصارہیں،اسطرح کے ناروا فیصلوں کے باعث اشاعتی ادارے، خبر رساں ادارے،اخبار مارکیٹ اور پرنٹنگ پریس سمیت تمام شعبہ جات بند ہوجائینگے اور ہزاروں ملازمین بیروزگار ہوں گے جس کی ذمہ داری فارم 47کی حکومت ہوں گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے ہی اخبارات کے مالکان نے اخباری صفحات کو کم کرکے ملازمین کو فارغ کردیا۔آج بھی بعض اخبارات کے دفاتر میں ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں حالانکہ یہ انتہائی کم اجرات پر کام کررہے ہیں۔ حکومت کا اشتہارات کو آن لائن BPPRA کے ویب سائٹ پر دیئے جانے کا اقدام اگر چہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق عوام کی سہولت کے لیے ہیں لیکن اس کی آڑ میں اخبارات پر اشتہارات کی بندش سے ایک اور بحران جنم لے گا اس لیئے ضروری ہے کہ اشتہارات کی بندش کے ناروا اقدام سے گریز کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں کوئی صنعتی کارخانے، فیکٹریاں موجود نہیں اور سرکاری اشتہارات کے ذریعے اخباری مالکان اور ملازمین اپنے گھر والوں کی کفالت کررہے ہیں۔پشتونخواملی عوامی پارٹی ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے تمام جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ آزادی صحافت کے لئے صوبے کے تمام صحافت کی تنظیمیں مشترکہ جدوجہد کرے گی اور پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں ملک میں آئین کی بالادستی، جمہورکی حکمرانی،پارلیمنٹ کی خودمختاری، عدلیہ ومیڈیا کی آزادی کے لیے ان کے شانہ بشانہ ہوں گی۔پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس صوبے میں صحافت کی بنیاد پارٹی کے بانی،برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کی آزادی کے قافلے کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے رکھی اور ہم اسے اپنا میراث سمجھتے ہیں اور اس کی حفاظت اور دفاع سیاسی جمہوری جدوجہد کے ذریعے کرتے رہے گے۔