کوہلو ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت سڑک کی تعمیر میں کرپشن 16افراد کیخلاف نیب میں ریفرنس دائر

0 181

کوئٹہ : نیب بلوچستان نے وفاقی حکومت کے تعاون سے ضلع کوہلو میں جاری کوہلو ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت سڑک کے دومنصوبوں میں 65ملین روپے کی کرپشن کا سراغ لگاتے ہوئے سابق ڈی سی کوہلو اورپروجیکٹ ڈائریکٹرکوہلو ڈویلپمنٹ پیکج اعجاز حیدر شاہ،محکمہ بی اینڈ آر بلوچستان کے افسران ظاہر بلوچ،اسلم قمبرانی،فضل محمد زرکون سمیت 16افراد کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں جمع کرادیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سال 2008میں ضلع کوہلو میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے صوبائی حکومت کو کروڑوں روپے فنڈز کا اجراءکیا جس کے تحت صحت عامہ اور ذرائع مواصلات سمیت بنیادی عوامی ضروریات کے منصوبوں پر عمل درآمد ہونا تھا تاہم مفاد عامہ کے یہ منصوبے ضلعی انتظامیہ، محکمہ بی اینڈ آرکے افسران اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے کرپشن کی نذر ہوگئے۔نیب بلوچستان نے شکایات کی بنیاد پرتمبو تا پزا اور دکی تا پزاسڑک کی تعمیر کے منصوبے کی تحقیقات کیں تو یہ حقائق سامنے آئے کہ کوہلو ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت بننے والے ان منصوبوں میں زمین کو صرف ہموار کرکے منصوبوں کے لیے جاری 25 کروڑ روپے سے 6 کروڑ 50 لاکھ روپے ہڑپ کرلئے گئے۔ نیب بلوچستان نے ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکھٹے کر کے سابق ڈی سی کوہلو اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کوہلو ڈویلپمنٹ پیکج اعجاز حیدر شاہ ،محکمہ بی اینڈ آر بلوچستان کے افسران ظاہر بلوچ،اسلم قمبرانی،فضل محمد زرکون سمیت 16افراد کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کردیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.