ملک میں مہنگائی، بد امنی، بے روزگاری، سیاسی انتشار عروج پر ہیں، جمال شاہ کاکڑ

0 90

ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی، ابتر حکمرانی اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کی فہرست سے نکل چکا ہے ، پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ(امروز ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی ، بد امنی، بے روزگاری ، سیاسی انتشار عروج پر ہیں ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی، ابتر حکمرانی اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کی فہرست سے نکل چکا ہے ، روپیہ بد ترین کرنسی بن گیا ہے مگر موجودہ حکومت اب بھی اقتدار سے چمٹی ہوئی ہے ملک کو بچانے کا واحد حل موجودہ حکومت کا خاتمہ اور صاف وشفاف انتخابات ہیں ۔ یہ بات انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی تاریخی عروج پر پہنچ چکی ہے

آٹا، چینی ،دالوں، سبزیوں سمیت اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوا ہے تنخواہ اور دیہاڑی دار طبقہ مہنگائی کے مارے پریشان ہے غریبوں کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے لوگ مہنگائی سے خودکشیاں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، پیڑولیم مصنوعات ، گیس کے نرخ ہر 15دن بعد بڑھائے جارہے ہیں جسکی وجہ سے معاشرے میں معاشی بحران سنگین ہوتا جارہا ہے لوگ اپنی جمع پونچی ختم کر بیٹھے ہیں علاج معالجے کے لئے جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں 400فیصد بڑھ گئی ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کی مجموعی شرح 16فیصد جبکہ پڑھے لکھے بے روزگاروں کی شرح 24فیصد تک پہنچ گئی ہے نوجوان اپنی ڈگریاں جلا کر مزدوری کر رہے ہیں جو حکومت ایک کروڑ نوکریاں دینے کی دعوےدار تھی آج اس نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا ہے

نوجوان باعزت روزگار کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں مگر حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگھ رہی انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جی ڈی پی 1970کے بعد پہلی بار منفی میں صرف موجودہ دور حکومت میں گیا ہے یہ وہی حکومت ہے جو نیا پاکستان بنا رہی تھی مگر نئے پاکستان میں ملک کا بیڑہ غرق کردیا گیاہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مسلم لیگ(ن) کے دور میں ابھرتی ہوئی معیشتوں کی صف میں تھی لیکن آج اسے اس فہرست سے بھی نکا ل دیا گیا حکومت نے عوام کو غلط اعداد و شمار بتا کر گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے

جسکی مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومتی ناتجربہ کاری ابتر حکمت عملی اور بدترین پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک بحرانوں کا شکار اور دوالیہ ہونے کے دھانے پر کھڑا ہے حکمران صرف عوام کو بتا رہے ہیں کہ ملک مشکل وقت سے گزرہا ہے جبکہ عملی طور پر ملک کو مشکل حالات میںڈالنے والے یہی حکمران ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے خاتمے میں ملک کی بقاءہے حکومت ملک کو مزید تباہ حال کرنے کی بجائے فوری طور پر مستعفی ہو اور نئے صاف و شفاف انتخابات کروائے جائیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.