پشین کے علاقے خانوزئی کو فی الفور گیس فراہم کی جائے ، عبدالحق ہاشمی
کوئٹہ( امروز نیوز)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان کے دور درازعلاقے بنیادی ضروریات کو ترس رہے ہیں پشین کے علاقے خانوزئی کو فی الفور گیس فراہم کی جائے بلوچستان کے گیس سے پوراملک مستفید ہورہاہے مگر بلوچستان کے صرف دس پندرہ فیصد علاقے کویہ نعمت میسر ہے سپیرہ راغہ روڈ سمیت بلوچستان کے شاہراہوں کی تعمیرجلد کی جائیں ۔شاہراہوں کی خستہ حالی کی وجہ سے مریض ،طلباء،زمینداراور ہر طبقے متاثرو پریشان ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل کاریزات خانوزئی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما سلطان محمد محنتی ،امیر ضلع محمد اسحاق پانیزئی ،نومنتخب تحصیل امیر حکیم جمال الدین نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں اراکین نے تجدید رکنیت کیلئے حلف اُٹھایا ۔مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان کیساتھ سوتیلی ماں کا سلوک ،منتخب نمائندوں کی غفلت وخاموشی ،کرپشن واحتساب کے نہ ہونے کی وجہ سے مسائل وپریشانیوں میں روزبروزاضافہ ہورہا ہے جولمحہ فکریہ ہے ۔جماعت اسلامی صوبے کے سلگتے دیرینہ مسائل کواجاگراور ان کے حل کیلئے کام کر رہی ہے موجودہ حکومت میں ترقیاتی کام صرف اعلانات ودستاویزات تک محدودہیں ۔کوئٹہ سمیت دوردرازعلاقوں میں شاہراہوں کی صورتحال خراب روزروزکے حادثات میں قیمتی جانیں گئی مگر حکومت ٹھس سے مس نہیں ہورہی ہے ۔بلوچستان میں غربت وبے روزگاری اور فاصلے بہت زیادہ ہیں ۔حکومت نے عوام کی ترقی وخوشحالی اورمسائل وپریشانیوں سے نجات کے حوالے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی کب تک بلوچستان کے عوام کو لولی پاپ سے ٹرخایا جائیگا ۔زرعی ضلع پشین میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ،زمینداروں کو سہولیات فراہم نہ کرنے کی وجہ سے عوام کے مسائل میں اضافہ زمیندار پریشان ہیں زراعت کی ترقی کیلئے بجلی لوڈشیڈنگ ختم اور زمینداروں کو سہولیات وآسانی فراہم کی جائیں۔