موسم سرما کی بارشوں کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں ، ضیاءلانگو
کو ئٹہ( امروز نیوز)صوبائی وزیر داخلہ ،وپی ڈی ایم اے میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ ٹڈی دل کے حملے اور موسم سرما کی بارشوں کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ اور اس دوران عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جائے صوبائی وزیر داخلہ نے ان خیالات کا اظہار پی ڈی ایم اے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور آگے چل کر برفباری بھی ہونے کے امکانات ہیں۔ جس کے پیش نظر کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کے تمام علاقوں کے عوام کو نہ صرف احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے۔ بلکہ انھیں ریلیف پہنچانے کے تمام اقدامات کے لئے عملے کو تیار رکھا جائے اس ضمن میں تمام متعلقہ مشینریز کو بھی تیار کیا جائے۔تاکہ بروقت استعمال میں دشواری پیش نہ آئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ مشینری فراہم کر رکھی ہے اور ضرورت پڑنے پر انہیں ہر طرح سے ضروری اشیا فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے ماضی میں اس نوعیت کے حالات میں پی ڈی ایم اے کے کردار کو سراہا۔اور کہا کہ ہماری کوشش کہ پی ڈی ایم آئی کوجدید ترین خطوط پر استوار کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔