دنیا بھارتی متنازع قانون سازی کے خلاف آواز بلند کرے ، فردوس اعوان
اسلام آباد (امروز نیوز)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دنیا کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور بھارتی متنازع قانون سازی کے خلاف آواز بلند کرے،جس دن پوری دنیا انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہی تھی تو دوسری طرف بھارت متنازعہ شہریت بل سے انسانی حقوق کے قوانین کی سرعام دھجیاں اڑا رہاتھا،مودی سرکار کی جانب سے بھارت کو انتہا پسند ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کا عمل گاندھی کے نظریے کو دفن اور قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی حقانیت پر مہر ثبت کرتا ہے۔ بدھ کو ٹوئٹر پراپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ جس دن پوری دنیا انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہی تھی تو دوسری طرف بھارت متنازعہ شہریت بل سے انسانی حقوق کے قوانین کی سرعام دھجیاں اڑا رہاتھا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ یہ اقدام فاشسٹ مودی کی اقلیتوں کے حقوق پر کاری ضرب اور مسلم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوںنے کہاکہ مودی سرکار کی جانب سے بھارت کو انتہا پسند ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کا عمل گاندھی کے نظریے کو دفن اور قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی حقانیت پر مہر ثبت کرتا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ متنازعہ شہریت بل نام نہاد جمہوریت اوربھارتی سیکولرازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کرچکا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ یہ قانون سازی نہیں بلکہ انتہا پسند ہندتوا سوچ پورے خطے پر مسلط کرنے کی گھناو¿نی سازش اور ہمسایہ ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور بھارتی متنازع قانون سازی کے خلاف آواز بلند کرے