جتنے مرضی سرپرائز ہوں، 4 مارچ کو عمران خان وکٹری اسٹینڈ پر ہوگا، شیخ رشید
جو لوگ سیاست کے لیے ملک چھوڑ کرجاتے ہیں وہ ووٹ کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں
نواز شریف پاکستان واپس آئیںان کو پاکستان آنے سے نہیں روکا جارہا، ووٹ بیچنے والے لوگوں کا ضمیر مردہ ہوتا ہے ورنہ لوگ اپنا ضمیر فروخت نہیں کرتے اور جو ایک مرتبہ بکتا ہے وہ 10 مرتبہ بکتا ہے
آصف زرداری نے ووٹوں کی خریداری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے لیکن انہیںاس بار مایوسی ہوگی،وزیر داخلہ کا اسلام آباد میں مسیح برادری کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد ( امروز ویب ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جتنے مرضی سرپرائز ہوں، 4 مارچ کو عمران خان وکٹری اسٹینڈ پر ہوگا، جو لوگ سیاست کے لیے ملک چھوڑ کرجاتے ہیں وہ ووٹ کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں نواز شریف پاکستان واپس آئیںان کو پاکستان آنے سے نہیں روکا جارہا، ووٹ بیچنے والے لوگوں کا ضمیر مردہ ہوتا ہے ورنہ لوگ اپنا ضمیر فروخت نہیں کرتے اور جو ایک مرتبہ بکتا ہے وہ 10 مرتبہ بکتا ہے آصف زرداری نے ووٹوں کی خریداری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے لیکن انہیںاس بار مایوسی ہوگی۔ اسلام آباد میں مسیح برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اس شہر کی آبادی پہلے محض چند لاکھ تھی لیکن اب یہ بڑا شہر بن گیا ہے۔ مجھے امید ہے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میری درخواست پر غور کرے گی اور وہ ایک منظم، پرامن، قانون اور آئین کے دائرے میں لانگ مارچ کرے گی اگر قانون اور آئین کے دائرے میں نہیں ہوگا تو قانون تو پھر قانون ہے اور اس نے عمل کرنا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو لوگ سیاست کے لیے ملک چھوڑ کرجاتے ہیں تو ووٹ کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں، وہ کیا سیاست دان ہے جو دھوکا دے کر ملک چھوڑ جاتاہے، عدالت نے نواز شریف کو جو ایک دفعہ کی مہلت دی تھی اس کا غلط استعمال کیا گیا، ہائی کورٹ کا فیصلہ ہے نواز شریف پاکستان واپس آئیں، نواز شریف کو پاکستان آنے سے نہیں روکا جارہا، ان کے پاسپورٹ کی مدت آج رات 12 بجے ختم ہورہی ہے۔ نواز شریف وطن آنا چاہیں تو ان کی درخواست پر پاکستان آنے کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے، نوازشریف کو پاکستان نہیں آنا تو ان کے پاسپورٹ کی آئینی حیثیت نہیں رہے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہو ںنے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ حفیظ شیخ جیت جائیں گے
میں پی ٹی آئی میں ہوں لیکن عمران خان کا ساتھی ہوں، فواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ سرپرائز ہوگا، جتنا مرضی سرپرائز ہو 4 مارچ کو عمران خان وکٹری اسٹینڈ پر ہوگا سیٹیں آگے پیچھے ہوجاتی ہیں، ساری زندگی ہوتی رہی ہے، پی ٹی آئی کا فیصلہ سارے اراکین اسمبلی مانیں گے لیکن تھوڑا کچھ ہوگا، پی ٹی آئی نوجوان جماعت ہے جو زیادہ ڈیموکریٹ ہیں سینیٹ الیکشن 3 مارچ کو ہیں اور ابھی بڑے دن ہیں، اس وقت تک بہتر حالات نظر آئیں گے۔لاپتہ افراد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا مسئلہ ہے اور اس کا قانون آنا چاہیے،
جس پر ہم کام کر رہے ہیں اور 10،15 دن میں قانون سازی کریں گے متعدد افراد کئی سال سے لاپتہ ہیں اور کئی افراد کے حوالے سے یہ بھی نہیں معلوم کہ وہ لاپتہ ہیں یا پھر خود لاپتہ ہوگئے ہیں، اس لیے قانون سازی کرنے لگے ہیں۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہو ئے انہو ںنے کہاکہ سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان سمیت وہ لوگ جو پہلے اسمبلیوں پر لعنت بھیجتے تھے وہ آج ان ہی سے ووٹ مانگ رہے ہیں، وہ لوگ جو سارے نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں یہ ان کی بہت بڑی شکست ہے،3 مارچ کے بعد رمضان المبارک قریب ہے، پی ڈی ایم نےاتنے فیصلے بدلے ہیں، اسی طرح لانگ مارچ کا فیصلہ بھی رمضان المبارک کے بعد کرلیں، جس طرح الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کی اجازت دی آئندہ بھی دیں گے۔سینیٹ الیکشن میں جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ کوئی سرپرائز ہوجائے گا تو کوئی سرپرائز نہیں ہوگا، عمران خان سینیٹ کا الیکشن جیتے گا
اور اس پر سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آنے والا ہے جس میں واضح ہوگا کہ انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری ہوگی یا اوپن ہوگی۔انہو ںنے مزید کہا کہ بکنے والے لوگوں کا ضمیر مردہ ہوتا ہے ورنہ لوگ اپنا ضمیر فروخت نہیں کرتے اور جو ایک مرتبہ بکتا ہے وہ 10 مرتبہ بکتا ہے اور آصف زرداری نے ووٹوں کی خریداری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے لیکن انہیں مایوسی ہوگی 4 مارچ کے بعد ملک میں سیاسی سکون اور بہتری آئے گی۔