کرشمہ کپور کے سابق شوہر سنجے کپوردل کادورہ پڑنے سے چل بسے
لندن بالی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور معروف بھارتی صنعت کار سنجے کپور 53 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے کپور لندن کے نواحی علاقے میں واقع گارڈز پولو کلب میں پولو کھیلتے ہوئے اچانک گر پڑے،انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی لیکن تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
رپورٹ میں بتایا جارہا ہے کہ انہیں پولو میچ کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑا تھا۔
سنجے کپور آٹو موبائل کمپنی "سونا کومسٹار” کے چیئرمین تھے، جو عالمی سطح پر آٹو پارٹس فراہم کرنے والی معروف کمپنی سمجھی جاتی ہے،انہوں نے ایم آئی ٹی اور ہارورڈ بزنس سکول سے تعلیم حاصل کی تھی۔
سنجے کپور اور کرشمہ کپور 2003 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے، تاہم باہمی اختلافات کے باعث 2016 میں اُن کی طلاق ہوگئی،اُن کے دو بچے بیٹی سمیرا اور بیٹا کیان ہیں۔
وفات سے چند گھنٹے قبل سنجے کپور نے سوشل میڈیا پر احمد آباد میں پیش آنے والے طیارہ حادثے پر اظہارِ افسوس کیا تھا، جس کی پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
سنجے کپور کی اچانک وفات پر بھارتی فلم انڈسٹری سمیت کاروباری حلقوں میں گہرے دکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔
کرشمہ کپور سے تعزیت کیلئے کرینہ کپور، سیف علی خان، ملائکہ اروڑہ سمیت متعدد قریبی رشتہ دار اور دوست ان کے گھرپہنچ گئے ہیں۔
سنجے کپور کی آخری رسومات لندن میں ادا کیے جانے کا امکان ہے،تاہم اس حوالے سے اہل خانہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ۔