کوئٹہ شہر میں حکومت کی رٹ قائم کی جائے گی
کوئٹہ(این این آئی)ایڈمنسٹریٹرمیٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ غلام فاروق لانگو نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں حکومت کی رٹ قائم کی جائے گی اور تجاوزات کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا ،ماضی میں شہر میں اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود کوئی کام نہیں ہوا ،عوام کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا ہے انشاء اللہ کوئٹہ شہر کے عوام ایک ماہ میں تبدیلی محسوس کرینگے،2دنوں میں150غیر حاضر ملازمین کی نشاندہی کردی گئی ہے جن کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائیگی بلڈنگ کوڈ کنٹرول اتھارٹی کو فعال کردیاگیاہے غیر قانونی پارکنگ اور عمارتوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران (رجسٹرڈ) کے صدر عبدالرحیم کاکڑ،حضرت علی اچکزئی،اللہ داد ترین ،یاسین مینگل ،انجمن تاجران کے عبدالرحیم آغاودیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں جو کچھ ہوا اس سے ہمیں کوئی سرورکار نہیں اب روڈوں اور گلیوں پر نکل کر سرکاری ملکیت کو ذاتی سمجھنے والوں کے خلاف کارروائی کرینگے ،انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر کی صفائی کو برقرار رکھنے کیلئے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو فعال کرینگے کوئٹہ شہر کے نالے نالیوں میں تبدیل ہوچکی ہیںفیل سیوریج نظام کی بہتری کیلئے کنسلٹنٹ کو ہائیر کردیاگیاہے جن کی تجاویز سے حکام کو آگاہ کرینگے ،انہوں نے کہاکہ دکاندار اپنی دکانوں کے سامنے کچرہ دان رکھ کر اس میں پلاسٹک اور کچرے پھینکیں جسے میٹروپولٹین کا عملہ ٹھکانے لگائے گا،انجمن تاجران کے اس عمل سے 20فیصد صفائی کی نظام میں بہتری آسکتی ہے ،انہوں نے کہاکہ ہر 15دن بعد سینی ٹیشن کا عملہ انجمن تاجران کے نمائندوں سے ملاقات کریگا،انہوں نے کہاکہ میں نے 2دن قبل چارج سنبھالاہے میرا شوق ہے جس شہر میں پیدا ہواہوں اور جہاں مجھے دفن ہوناہے دوران تعیناتی اس کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کارلاتے ہوئے اسلام آباد،ابوظہبی،دبئی ،کراچی میں دوران تعیناتی حاصل کئے گئے اپنے تجربات سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے کوئٹہ شہر کی گھمبیر صورتحال میں بہتری لاسکوں ،انہوں نے کہاکہ یہ ایک قومی المیہ ہے کہ گزشتہ 4 سالوں یا اس سے پہلے کوئٹہ شہر کی تعمیر وترقی پر خرچ ہونے والے اربوں روپے کہاں گئے ،کرپشن سے متعلق انکوائری میں تحقیقاتی اداروں سے ہرممکن تعاون کرینگے ماضی میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوخیراتی ادارہ سمجھ کر فنڈز سے اپنے لوگوں کو نوازا گیا ہے ،میٹروپولٹین کی پراپرٹی پر قبضہ کرکے لوگوں نے اپنے مہمان خانے تعمیر کئے ہیں، 10سالوں سے ادارے کی سرکاری گاڑیوں پر لوگوں کا قبضہ ہے اس بارے متعلقہ حکام اور انتظامیہ کو آگاہ کردیاہے ،انہوں نے کہاکہ میٹروپولٹین کارپوریشن میں ایمرجنسی سینٹر اور شکایتی سیل قائم کردیاگیاہے ،ہر جمعہ کے روز آفیسران ٹی وی پر براہ راست عوام کو جواب دہ ہونگے اور عوام کی شکایت کا فوری ازالہ کرینگے ،میٹروپولٹین کارپوریشن میں تعینات 14سوڈیلی ویجز ملازمین میں سے آدھے سے زائد اپنی جائے تعیناتیوں سے غیر حاضر گھروں میں ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں ،2دنوں میں150غیر حاضر ملازمین کی نشاندہی کردی گئی ہے جن کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائیگی ،انہوں نے کہاکہ بلڈنگ کوڈ کنٹرول اتھارٹی کو فعال کردیاگیاہے ،غیر قانونی پارکنگ اور عمارتوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گا اس سلسلے میں شروعات میٹروپولٹین کے دفتر کے سامنے سے کیاگیاہے ،انہوں نے کہاکہ بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں بھرتی جائے گی ۔عوام 1 ماہ میں مثبت تبدیلی محسوس کرینگے ۔