کراچی میں زلزلے کے جھٹکے کیوں محسوس کئے جا رہے ہیں؟ چیف میٹرولوجسٹ کا بیان سامنے آگیا
کراچی کراچی میں گزشتہ روز سے آنے والے زلزلے کے جھٹکوں سے متعلق چیف میٹرو لوجسٹ امیر حیدر کا بیان سامنے آگیا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرو لوجسٹ امیر حیدر کا کہنا تھاکہ کل شام سے اب تک ملیر، قائدآباد اور اطراف میں زلزلے کے 4 جھٹکے محسوس کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ دیر قبل آئے زلزلے کے جھٹکے سے متعلق رپورٹ آنا باقی ہے تاہم کراچی میں کل شام 5 بج کر 33 منٹ پر بھی زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، گزشتہ روز اس کی شدت 3.6 اور گہرائی 10 کلومیٹر رہی۔
چیف میٹرولوجسٹ کا بتانا تھا کہ گزشتہ روز آنے والے زلزلے کا مرکز قائد آباد کے قریب تھا، ایک اور زلزلے کا جھٹکا رات 1 بج کر 6 منٹ پر آیا تھا، رات گئے آنے والے زلزلے کی شدت 3.2 اور گہرائی 12 کلومیٹر تھی، رات گئے آنے والے زلزلے کا مرکز گڈاپ ٹاو¿ن کے قریب تھا۔
امیر حیدر کا کہنا تھاکہ یہ زلزلے کے جھٹکے لانڈھی فالٹ ریجن میں آرہے ہیں، یہ زلزلے کے معمولی جھٹکے ہیں، اس فالٹ لائن پر آج تک بڑے زلزلہ کے جھٹکے نہیں آئے ہیں، کراچی کی دوسری فالٹ لائن تھانہ بولا خان کے قریب ہے، یہ دونوں متحرک فالٹ لائن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان دنوں میں معمولی شدت کے زلزلے رپورٹ ہوتے ہیں، کیرتھر کے قریب بھی مین باو¿نڈری لائن ہے، یہاں معتدل شدت کی زلزلے رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، فالٹ لائن کو معمول پر آنے میں چند روز لگ سکتے ہیں، اس فالٹ لائن پر آئندہ چند روز تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جا سکتے ہیں۔