ملک کسی بھی قسم کے سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا،مولانا عبدالحق ہاشمی

0 145

کوئٹہ(امروز نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبد الحق ہاشمی نے کہاکہ ملک کسی بھی قسم کے سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔تجربات وآمریت کے بجائے حقیقی جمہوریت واوسلامی آئین پر عمل درآمد کیا جائے ۔حکمرانوں کی غفلت ،کرپشن ،بے حسی کے خلاف سب سے بڑی آوازجماعت اسلامی نے اُٹھائی ۔ تمام ادارے ایک دوسرے کا احترام کریں۔ کچھ قوتیں ملک میں انتشار اور افراتفری کی فضاءپیدا کرکے دشمن قوتوں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے ایجنڈے پر عمل در آمد کررہی ہیں ہم سب کو ایسی ملک دشمن طاقتوں کو روکنا ہوگا۔ سیاستدانوں کے غیر دانشمندانہ فیصلوں سے غیر جمہوری قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکمرانوں نے عوام سے کیے وعدو ں سے یوٹرن نہ لیا ہوتا اور اپنی کارکردگی سے ثابت کردیا ہوتا کہ وہ 22کروڑ عوام کے خیر خواہ ہیں، مہنگائی میں ہو شر با اضافے کی بجائے خاطر خواہ کمی کردی ہوتی تو آج یوں اپوزیشن حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر نہ ہوتی اور لوگ اتنی بڑی تعداد میں اپوزیشن کے احتجاج میں شریک نہ ہوتے۔ جماعت اسلامی ملک میں استحکام چاہتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت وقت ہٹ دھرمی چھوڑ کر عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرے۔ ہر شخص کو احتجاج کرنے کا آئینی وقانونی حق حاصل ہے مگر بدقسمتی سے کچھ حکومتی وزراءاپنے بیانات سے جلتی پر تیل چھڑکنے کا کام کررہے ہیں۔ وہ نہیں چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوری روایات اور اقدار پنپ سکیں۔ پاکستان اس وقت تاریخ کے نازک ترین موڑ سے گزر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔ المیہ یہ ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں 90کی دہائی والی سیاست شروع کردی گئی ہے۔ مخالفین کے خلاف اداروں کو استعمال کرنا اور سیاسی انتقام پر مبنی پالیسیاں ملک و قوم کو ایک مرتبہ پھر منزل سے دور لے جائیں گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اپنی آئینی و قانونی حدود میں رہ کر کام کریں۔ آپس کی چپقلش سے ناقابل تلافی نقصان کا اندیشہ ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.