تحصیل پسنی کے غریب زمینداروں کی 36 ہزار ایکڑ ارضیات کو سرکار کے نام کرنا ظلم کی انتہا ہے،
پسنی (این این آئی)سابق تحصیل ناظم پسنی اور بی این پی کے سینئر رہنما سید معیار جان نوری نے کہا ہے کہ تحصیل پسنی کے غریب زمینداروں کی 36 ہزار ایکڑ ارضیات کو سرکار کے نام کرنا ظلم کی انتہا ہے۔ کیونکہ یہ اراضیات صدیوں سے مقامی غریب زمینداروں کی قبضہ و تصرف میں چلی آرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت وقت نے یہ فیصلہ واپس نہ لیا تو عوام کے ساتھ ملکر نہ صرف سڑکوں پر نکلیں گے بلکہ جمہوری انداز میں ہر فورم پر زمینداروں کے لئے آواز بلند کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت وقت یہ بتادے کہ کن وجوہات کی بنا پر غریب عوام کو انکے جدی و پشتی اراضیات سے بیدخل کیا جارہا ہے۔ بلوچستان میں ہر حکومت آکر تحصیل پسنی کیسٹلمنٹ کو کینسل کرکے غریب عوام کے زمینوں کو کٹوتی کرکے سرکار اور اپنے من پسند افراد کے نام پر ٹرانسفر کرتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ضلع گوادر کے عوام کو انکے اراضیات سے بے دخل کرنے کی سازش کو جمہوری طریقے سے احتجاج کرکے ناکام بنادیں گے۔ کئی بار ایک علاقے کے سٹلمنٹ کو کینسل کرنا اور ہر بار زمینداروں کی ارضیات میں کھٹوتی کرکے اپنے من پسند افراد کو نوازنا یا سرکار کے نام کر دینا کہاں کا انصاف ہے۔انکا کہنا تھا کہ اس سے پہلے ماضی میں ضلع گوادر کے زمینداروں کے اراضیات کے سٹلمنٹ کو کینسل کرکے مقامی زمینداروں کے اراضیات کو انکے اراضیات سے محروم کیاگیا ہے۔