بی اے پی کو ملک کی سطح پر فعال بنانے کیلئے جلد ہی اسکا نام تبدیل کر رہے ہیں ، سینیٹر منظوراحمد کاکڑ

0 198

کوئٹہ(امروز نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری و سینیٹر منظوراحمدکاکڑ نے کہا ہے کہ بی اے پی کو ملک کی سطح پر فعال بنانے کیلئے جلد ہی اسکا نام تبدیل کر رہے ہیں ،فاٹا سے ارکان اسمبلی کے بعد 2سینیٹرز نے بھی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ،بی اے پی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوششوں سے وفاقی حکومت نے اس مرتبہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے لئے خطیر فنڈز مختص کئے ہیں اور ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز جلد ہی کردیئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سینیٹرز منظوراحمد کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے اپنے قیام کے چند ماہ بعد ہی ہونے والے انتخابات میں بلوچستان سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی جس کے بعد فاٹا سے منتخب رکن والے 4ارکان اسمبلی نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جس کے بعدفاٹا سے تعلق رکھنے والے 2سینیٹرز نے بھی بی اے پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کو ملک گیر سطح پر فعال اور منظم کرنے کیلئے جلد ہی پارٹی کا نام تبدیل کررہے ہیں تاکہ اس کو پاکستان سطح کی پارٹی بنایا جاسکے۔ ایک سوال کے جواب میں منظوراحمد کاکڑنے کہا کہ وفاقی حکومت نے 2019-20ءکی وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے لئے خطیر فنڈز مختص کئے ہیں وفاقی پی ایس ڈی پی میں کوئٹہ سے کراچی ، کچلاک سے ژوب اور کوئٹہ سے چمن تک قومی شاہراہوں کو چوڑا کردیا جائے گا جس کے جلد ہی ٹینڈر کئے جارہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوششوں سے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نسٹ یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایاگیا ہے جس سے صوبے کے طلباءاور طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے موقع صوبے میں ہی میسر آئیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.