کوئٹہ شہر اور شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر پلاننگ کرینگے، سہیل الرحمن بلوچ
کوئٹہ(امروز ویب ڈیسک) کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کی بہتری اور خوبصورتی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت منصوبہ بندی کر کے مستقبل کے تقاضوں کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کئے جائیں اس سلسلے میں تمام محکموں اور اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن ناگزیر ہے ترقیاتی منصوبوں پر مزکورہ پلان کو مدنظر رکھ کر تمام اسٹیک ہولڈر باہمی روابط اور مشاورت سے اقدامات کریں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ شہر میں ٹریفک اور دیگر مسائل کے حل کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن ڈاکٹر یاسر بازئی، ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ شیر علی، سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ منظور احمد، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن بابر خان، ایس پی ٹریفک محمد جاوید، چیف کنزرویٹر جنگلات زمران خان، لوکل گورنمنٹ، اربن پلاننگ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، کوئٹہ پیکج، جنگلات اور ریلوے کے حکام موجود تھے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ کوئٹہ شہر اور شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر پلاننگ کی جائے
شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کے سلسلے میں لوکل بسوں کیلئے عارضی بس اڈے اور جوائنٹ روڈ پر ریڑھی بانوں کے لیے جگہ مختص کردی گئی ہے اس سلسلے میں سیکرٹر ی آر ٹی اے اور ریلوے حکام لائحہ عمل واضح کر کے تمام بسوں کو جلد از جلد منتقل کریں جبکہ بس اسٹینڈ اور ریڑھیوں کے لیے مختص جگہ کی صفائی ،تزئین و آرائش اور سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی فوری اقدامات کئے جائیں شہر کی تمام شاہراہوں پر تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی کشیدگی اور چوراہوں کو بہتر کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ انسکمب روڈ کو جناح روڈ سے منسلک کرنے کے منصوبہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے کام جلد از جلد مکمل کیا جائے
انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے دوران درختوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لئے مربوط پلاننگ کی جائے اور موسمی حالات اور قلت آب کو دیکھتے ہوئے ایسے درخت اور پودے لگائے جائیں جو کہ موزوں ہوں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ شہر کی بہتری اور مسائل کے حل کیلئے تمام متعلقہ محکمے اور ادارے مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل ، تجاویز اور رپورٹس جلداز جلد مرتب کرکے جمع کرائیں تاکہ ان پر فوری طور پر عملدرآمد کراہا جاسکے۔