سیاسی جماعتیں چند خاندانوں کے حوالے ہیں، سراج الحق
کوئٹہ(امروز ویب ڈیسک)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے نیشنل پارٹی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر مالک سے ملاقات کی اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر مالک نے اپنے افسانوں کی کتاب سراج الحق کو تحفہ کے طور پر پیش کی۔ امیر جماعت نے تربت میں آل پاکستان کیچ رہنماﺅں کے وفد سے ملاقات کی۔ کنونیئر مشکور احمد کی سربراہی میں امیر جماعت سے ملنے والے وفد میں پی پی کے رہنما نواب شمبے زئی، حاجی قدیر احمد بلوچ،
جے یو آئی کے ضلعی نائب صدر مولانا حفیظ مینگل، بی این پی کے ضلعی صدر ظریف زدگ، بی این پی عوامی کے ضلعی صدر خان محمد جان گچکی، بی این پی مینگل کے حاجی عزیز احمداور نیشنل پارٹی کے حفیظ علی بھی شامل تھے۔سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ رہی سہی کسر ظالم اشرافیہ نے نکالی ہوئی ہے
جو سات دہائیوں سے قوم کی گردنوں پر سوار ہیں۔ جاگیرداروں، وڈیروں کا راج ہے اور طاقتور کو کوئی نہیں پوچھتا۔ سیاسی جماعتیں چند خاندانوں کے حوالے ہیں۔ پورا نظام ہائی جیک ہوا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مسائل سے نجات دلوانے کے لیے عوام کو پرامن جمہوری جدوجہد کرنا ہوگی اور ان لوگوں کو منتخب کرنا ہو گا جن کے دامن پر کرپشن اور اقربا پروری کا کوئی داغ نہیں ہے۔ سالہا سال آزمائے ہوئے لوگ کبھی بھی عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔