عالمی قوانین کے تحت پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے: بلاول
اسلام آباد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات کئے ہیں لہٰذا عالمی قوانین کے تحت پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ 2 طرفہ نہیں عالمی مسئلہ ہے، عالمی برادری کو 2 جوہری طاقتوں کے درمیان تنازع کے حل کےلئے مداخلت کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس کے اقدامات کے لئے جوابدہ کیا جانا چاہئے تاکہ بھارت ہوش کے ناخن لے، غیر جانبدار تحقیقات سے ہم ایسا میکنزم بنانا چاہتے ہیں جو مستقبل میں ایسے دہشت گرد حملوں کو روک سکے۔
دوسری جانب عرب میڈیا کو انٹرویو میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے یہ بھی کہا کہ عالمی قوانین کے تحت پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے، بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات کئے ہیں، بھارت پاکستانی شہریوں کے قتل عام کو چھپانے کے لئے دہشتگرد کیمپوں کا جھوٹ بول رہا ہے۔انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان میں دہشتگرد کیمپ ہیں تو بھارت نے بین الاقوامی تحقیقات کے پاکستانی مطالبے کو کیوں رد کیا؟ بھارت نے شہری آبادی، شہری تنصیبات اور ڈیموں کو نشانہ بنایا۔