بلوچستان میں ڈیمز کی تعمیر کیلئے 6سو ارب روپے فوری دیئے جائیں،کبیر محمد شہی

0 154

کوئٹہ(امروز نیوز)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر میر کبیر محمدشہی نے کہا ہے کہ گوادر سی پورٹ منصوبے کی لاگت65ارب ڈالرتک پہنچ چکی ہے بلوچستان کے عوا م کو تاحال اس منصوبے سے کوئی فائدہ نہیں پہنچاہے،بلوچستان میں زیر زمین پانی کی سطح کوبلند کرنے کیلئے ڈیمز کی تعمیر کیلئے بلوچستان کو 600روپے فوری طور پر دیئے جائیں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔میر کبیر محمد شہی نے کہا کہ نیشنل پارٹی ترقیاتی منصوبوں اور گوادر سی پورٹ کی ہرگز مخالف نہیں ہے تاہم ترقیاتی منصوبوں میں بلوچستان کو نظر انداز کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی وجہ سے چین نے گوادر کواریڈو کا منصوبہ شروع کیا جس کی لاگت 65ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے لیکن صوبے کے عوام کواسکا کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے گوادرسی پورٹ کے تحت ملنے والی رقم سے پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں موٹرویز،ریلوے لائنز، میٹروبس سروس شروع کی گئی ہے جس میں بلوچستان کویکسر نظرانداز کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ سے سب سے پہلا فائدہ گوادر،مکران،بلوچستان کے عوام اوراسکے بعد ملک کے دوسرے صوبوں سے تعلق رکھنے والے عوام کو ملنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک کے نام پر آنے والی سکالرشپ میں بھی بلوچستان کے نوجوانوں کونظرانداز کرکے دوسرے صوبوں کے نوجوانوں کو نواز گیا جس کی نیشنل پارٹی مذمت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک منصوبے کی تکمیل کے بعد گوادر کی مقامی آبادی کو اقلیت میں تبدیل ہونے سے بچانے کیلئے فوری قانون سازی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زیرزمین پانی کی سطح 1000سے 1200فٹ تک گرچکی ہے اگر فوری طور پر صوبے میں زیرزمین پانی کی گرتی ہوئی صورتحال کو کنٹرول نہ کیا گیا تو بلوچستان ریگستان میں تبدیل ہوجائیگا اورمقامی افراد نقل مکانی پر مجبور ہوجائیں گے۔وفاقی حکومت گوادر سی پیک کے تحت آنے والے فنڈز میں سے بلوچستان کو فوری طورپر 600ار ب روپے فراہم کئے جس سے صوبے میں ڈیمز کی فوری تعمیر کویقینی بنایا جائے۔_*

Leave A Reply

Your email address will not be published.