اسلام آباد میں ملازمین پر لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، غلام نبی مری

0 120

کوئٹہ (امروز ویب ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے اپنے ایک بیان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں ملازمین پر لاٹھی چارج ، آنسو گیس کی شیلنگ اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف کمر توڑ مہنگائی کے باعث تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیںآسمان کو چھو رہی ہیں تو دوسری جانب سے یہ پہلی حکومت ہے کہ جس نے بجٹ میں مہنگائی میں بے انتہاء اضافے کے باوجود ملازمین کی تنخواہیں میںایک فیصد تک بھی اضافہ نہیںکیا۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت آئی ایم ایف ، ورلڈ بینک اور مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے جس کا مقصد ہی ملازمین کی تنخواہوں میں کمی اور اداروں کو ناکارہ بنا کر پھر اسے پرائیویٹائز کرنا ہے اور موجودہ حکومت ان کی پالیسی پر بھرپور انداز میں عمل پیراہے جس کی واضح مثال اسٹیل مل ، ریڈیو پاکستان سمیت مختلف اداروںسے ڈائون سائزنگ کے نام پر ملازمین کو فارغ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب ملازمین اپنے آئینی اور جائز حقوق کے حصول کے لئے اسلام آباد میں سراپا احتجاج بن گئے تو بجائے ان کے مطالبات منظور کئے جاتے ان پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کرتے ہوئے انہیںگرفتار کیا گیاہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت آمرانہ طرز حکومت کی پالیسی پر عمل پیراہے اور حکمران اپنے مراعات کو تقویت دے رہے ہیںتاہم انہیں ملازمین کو درپیش مسائل اور مشکلات کا کوئی فکر نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی موجودہ حکومت کی محنت کش ناروا پالیسیوں اور وفاقی دارالحکومت میں اپنے جمہوری حق احتجاج کے دوران ملازمین پر تشدد کی مذمت کرتی ہے بی این پی نے روز اول سے ملازمین کے جائز حقوق کی حمایت کی ہے بلکہ ان کا ساتھ بھی دیا ہے

اور آج بھی بلوچستان نیشنل پارٹی ملازمین کے ساتھ ہیں اور ان کے کسی صورت بھی ظلم و زیادتی نہیںہونے دے گی اور ہر دستیاب پلیٹ فارم پر ملازمین کے جائز حقوق کے لئے آواز اٹھائے گی ۔ انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طو ر پر گرفتار ملازمین کو بازیاب کرکے ان کے مطالبات منظور کئے جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.