زئی اور خیلی کی سیاست سے باہر نکل کر امن، محبت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے کام کرنا ہوگا، یوسف خلجی
جب تک ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم کے زیورسے آراستہ نہیں کریں گے بلوچستان اور پاکستان ترقی نہیں کرسکتا ،سربراہ بلوچستان امن جرگہ
کوئٹہ(امروز ویب ڈیسک)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ ہمیں زئی اور خیلی کی سیاست سے باہر نکل کر نفرتوں کے خاتمے اور امن،محبت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے کام کرنا ہوگا، جب تک ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم کے زیورسے آراستہ نہیں کریں گے بلوچستان اور پاکستان ترقی نہیں کرسکتا ہمیں اپنے نوجوانوں کے ہاتھوں میں کلاشنکوف کی بجائے قلم اور کتاب دینے کی ضرورت ہے۔
یہ بات انہوں نے اتوار کو بوستان کے علاقے خانی بابا غنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان تعلیم اورترقی کے لحاظ سے دوسرے صوبوں سے بہت پیچھے ہے جس کی وجہ سے ہماری قبائلی دشمنیاں اور نفرتیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں صوبے سے نفرتوں اورقبائلی دشمنیوں کے خاتمے اور امن ،محبت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں زئی ،خیلی ،قوم پرستی اور مذہب پرستی کی سیاست نے جتنا نقصان پہنچایا ہے
اسکی کوئی مثالی نہیں ملی ہمیںزئی اور خیلی کی سیاست سے نکل کر صوبے کے عوام کی خدمت کے جذبے سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے صوبے سے قبائلی دشمنیوں اور نفرتوں کے خاتمے کا بیڑہ اٹھارکھا ہے اور اب تک بلوچستان امن جرگے نے درجنوں قبائلی دشمنیوں کو ختم کرکے کئی قبائل کو آپس میں شیر و شکر کیا۔
انہوں نے قبائلی عمائدین پر زوردیا کہ وہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں کلاشنکوف دینے کی بجائے قلم اور کتاب دیں تاکہ نوجوان پڑھ لکھ کر صوبے اور پاکستان کی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے نوجوانوں کو زیورتعلیم سے آراستہ نہیں کریں گے بلوچستان ترقی نہیں کرسکتا۔