کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ میں ایرانی پیڑول کے ڈپو میں لگی آگ پر تین گھنٹے بعد قابو پالیا گیا
کوئٹہ(امروز نیوز)کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ میں ایرانی پیڑول کے ڈپو میں لگی آگ پر تین گھنٹے بعد قابو پالیا گیا ،فائربریگیڈ کی دس گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف رہیں، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، فائربریگیڈ حکام کے مطابق سرکی روڈ پر سیٹلائٹ ٹاون لنک روڈ پر ایرانی پیڑول کے ڈپووں میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی ،آگ کی شدت اتنی تھی کہ اس کے دھویں کے بادل کئی کئی کلومیٹر دور سے نظر آرہے تھے ،اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی دس گاڑیاں اور ریسکیو اداروں کی ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں ،نجی واٹر ٹینکر ز نے بھی فائربریگیڈ کی مدد کی ، تین گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد فائربریگیڈ کا عملہ اگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ،جس کے بعد آگ کی کولنگ کا عمل شروع کیا گیا ، آتشزدگی کے باعث شہر کے چار فیڈرز بند کرادئیے گئے جس کی وجہ سے شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند رہی ،آگ لگنے کے واقعہ میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ، تاہم ڈپووں کے قریب کھڑی ایک کوچ جل گئی ۔