موجودہ حکومت نے موٹر ویز پر کوئی ٹول ٹیکس نہیں بڑھایا، مراد سعید
اسلام آباد (امروز نیوز)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے وضاحت کی ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے دور میں موٹر ویز پر کوئی ٹول ٹیکس نہیں بڑھایا۔ منگل کو سینیٹر مہر تاج روغانی اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سروس ایریاز میں زائد نرخ وصول کرنے کی شکایات این ایچ اے کو موصول ہوتی رہی ہیں۔ وزارت مواصلات نے اس سلسلے میں حکومت پنجاب پر زور دیا ہے کہ وہ اس مسئلہ کے حل کے لئے اقدامات کرے۔ این ایچ اے کے نمائندے نے M-2 کے سروس ایریاز کا دورہ بھی کیا اور اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ معائنہ ٹیم کی جانب سے جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے وہ متعلقہ ڈی سی اوز کے نوٹس میں لائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کی جانب سے یہ تجویز دی گئی ہے کہ قیمت مقرر کرنے والے ادارے موثر اور متواتر نگرانی کو یقینی بنائیں اور سروس ایریاز پر اچانک چھاپے مارے جائیں تاکہ قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے اب ای بلنگ کو فروغ دے رہا ہے۔ ٹول ٹیکس اور بڈنگ کا معاملہ آن لائن ہو چکا ہے اور تمام ملازمین کے اثاثے بھی ڈکلیئرڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹول پلازوں پر رش کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بوتھ بڑھائے جا رہے ہیں۔ ایم ٹیگ کی سہولت سے مسافروں کو فائدہ اٹھانا چاہئے اس سے وقت کی بچت ہوتی ہے اور اس سلسلے میں این ایچ اے کی طرف سے خصوصی مہم بھی چلائی گئی ہے تاکہ لوگوں کو اس کی افادیت کا علم ہو سکے۔