وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان پر الزامات عائد کر دئیے
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریفسے سینئر صحافیوں کی ملاقات ہوئی ہے۔وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں شہباز شریف نے کہا کہ میں کنفرم کر سکتا ہوں کہ عمران خان نے توشہ خانے سے تحائف لے کر بیرون ملک بیچے۔عمران خان نے یہ تحائف 14کروڑ روپے میں دبئی میں بیچے۔ قیمتی تحائف میں ڈائمنڈ ،جیولری ،بریسلیٹ، گھڑیاں اور سیٹ شامل ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ مجھے بھی ایک بار گھڑی ملی تھی جسے میں نے توشہ خانہ میں جمع کرادیا تھا۔مجھے کچھ چھپانے کی ضرورت نہیں۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے توشہ خانہ سے قیمتی ہار بیچنے کی خبر کی تردید کی تھی۔وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی نے کہا کہ ہار بیچنے سے متعلق کبھی کوئی بات نہیں ہوئی اس حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ حکومت کو دلائل کیلئے تین مواقع دے چکی ہے۔ اٹارنی جنرل نے دسمبر 2021 میں دلائل کیلئے مزید مہلت کی استدعا کی تھی۔خیال رہے کہ انفارمیشن کمیشن نے ایک شہری کی درخواست پر سابق وزیراعظم عمران خان کو تحائف کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم حکومت نے انفارمیشن کمیشن کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا تھا