شیخ رشید کے خلاف توہین عدالت کیس

0 174

اسلام آباد(امروز نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے دور ان جسٹس عظمت سعید شیخ نے عدالتی حکم عدولی پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی سخت سر زنش کر تے ہوئے کہاہے کہ آپ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کریں گے، اڈیالہ جیل بھجوا دیا جائے گا۔ بدھ کو کیس کی سماعت کے دور ان راولپنڈی کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر عدالتی حکم پر پیش ہوئے عدالتی حکم عدولی پر جسٹس عظمت سعید شیخ نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کیا عدالتی حکم انگریزی میں پڑھ لیتے ہیں؟انہوںنے کہاکہ کیوں نہ آپ کو توہین عدالت کا نوٹس دیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمارے نزدیک تو کوئی توہین عدالت نہیں ہوئی۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ دیوار گرا دی ، کیا یہ توہین عدالت نہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ دیوار گرانے کا حکم ہم نے نہیں دیا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ اسسٹنٹ کمشنر موقع پر موجود تھا ،جھوٹ کیوں بولتے ہیں؟ ۔ وکیل گرلز گائیڈ عائشہ حامد نے کہاکہ یہ جھوٹ کے مرتکب ہورہے ہیں۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ کیا آسیب نے آکر دیوار گرا دی، آپ اس ذمہ داری کے اہل نہیں۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر صاحب، آپ کوئی اور کام کریں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ وقوعہ کے وقت میں لاہور میں تھا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ لاہور مریخ پر تو نہیں۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ آپ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کریں گے، اڈیالہ جیل بھجوا دیا جائےگا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی ۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ کوئی معافی قبول نہیں کریں گے۔ وکیل عائشہ حامد نے کہاکہ 15 اپریل کو شیخ رشید کی کال پر دیوار گرائی گئی۔وکیل پنجاب حکومت نے کہاکہ ایک رات میں دیوار بنا دی گئی ہے۔ وکیل پنجاب حکومت نے کہاکہ گیس کنکشن کا کام بھی کرا دیں گے، عدالت رحم کا مظاہرہ کرے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ کسی کو خوش کرنے کے لئے عدالتی حکم عدولی کی گئی۔ کمشنر راولپنڈی نے کہاکہ روزے سے کھڑا ہوں ، کوئی ایسا حکم نہیں دیا گیا۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ ایسی کہانیاں نہ سنائیں کہ روزے سے ہوں ۔ اس موقع پر سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی طبیعت بگڑنے پر سماعت ملتوی کر دی گئی ۔سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی دوران سماعت طبیعت بگڑنے کے باعث سپریم کورٹ کے کمرہ نمبر دو میں زیر سماعت تمام مقدمات ملتوی کر دیئے گئے ، ملتوی کئے گئے مقدمات میں شیخ رشید کے خلاف توہین عدالت کیس اور شہباز شریف فواد حسن فواد کی ضمانت کا کیس بھی شامل ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.