سلیکٹڈ ونااہل حکمرانوں میں شرم وحیا ختم ہوچکی ہے، غفور حیدری
کوئٹہ (امروز ویب ڈیسک) جمعیت علماءاسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹرمولاناعبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ کوالالمپور طیارے کے واقعہ سے پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے ،سلیکٹڈ ونااہل حکمرانوں میں شرم وحیا ختم ہوچکی ،حکومت عملی طورپر عوام میں اعتماد کھوچکی ہے ،19جنوری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے دھرنا جبکہ 21جنوری کو کراچی میں اسرائیل مردہ باد ریلی نکالی جائے گی ،پاکستان جمہوری تحریک کی کامیاب احتجاجی تحریک منزل کی جانب رواں دواں ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ میں اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مولاناعبدالغفور حیدری نے کہاکہ کوالمپور طیارے کے واقعہ سے پاکستان کی بدنامی ہوئی مسافروں نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر احتجاج بھی کیا۔ حکومت میں شرم وحیا ختم ہوچکی ہے انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے دعوے اور وعدے اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں تک محدود ہے ،بجلی کے طویل کریک ڈاون کی ابھی تک تحقیقات سامنے نہیں آئی اور چینی ،آٹا سمیت مختلف اسکینڈلز سامنے آئے ہیں ملک میں عملا حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے زیراہتمام 19 جنوری کو سلیکٹڈ حکمرانوں کو دھاندلی کے ذریعے مسلط کرنے کے خلاف الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دیاجائے گا،حکمرانوں نے بیرونی فنڈنگ کیس میں اپنا احتساب نہیں دیاہے ،جمعیت علماءاسلام کے اسرائیل سے متعلق اپنا واضح موقف رکھتی ہے ،انہوں نے کہاکہ 21 جنوری کو کراچی میں اسرائیل مردہ باد ریلی تاریخی ہوگی ۔