ہاشم نوتیزئی اور جہانزیب جمالدینی کی اسلام آباد ڈی چوک میں جبری گمشدہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی
اسلام آباد (امروز ویب ڈیسک) اسلام آباد ڈی چوک میں جبری گمشدہ افراد کے لواحقین کےساتھ اظہارِ یکجہتی بلوچستان نیشنل پارٹی کے سی سی ممبر و رکن قومی اسمبلی حاجی میر محمد ہاشم نوتیزئی نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کے ہمراہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لاپتہ بلوچ افراد کی بازیابی کے سلسلے میں لگائے گئے
احتجاجی کیمپ کا دورہ کرکے متاثرین سے اظہار یکجہتی کی۔رکن قومی اسمبلی حاجی میر محمد ہاشم نوتیزئی نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ بلوچستان کے دوردراز سے تعلق رکھنے والی ہماری مائیں اور بہنیں اپنے جگر گوشوں کی بازیابی کے لیے اسلام آباد میں لانگ مارچ کرکے دھرنا دئیے ہوئے ہیں مگر حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی ۔
انہوں نے کہا کہ بی این پی کے مرکزی قائد سردار اختر جان مینگل سمیت پارٹی کے اراکین اسمبلی نے شروع دن سے ہر فورم پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے جدوجہد کی ہے جس کی واضح مثال بی این پی کے پیش کردہ چھ نکات ہیں انہوں نے کہا کہ اگر بلوچ لاپتہ افراد نے کوئی گناہ یا غلطی کی ہے تو انھیں عدالت میں پیش کرکے سزا دی جائے ۔
لوگوں کو لاپتہ کرنا کہاں کی انسانیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ لاپتہ افراد کے لواحقین کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں حکومت وقت بالخصوص وزیراعظم عمران خان کو اپنی ضد و اناء کو ترک کر کے انسانی ہمدردی کی بناء پر متاثرین کے کیمپ جانا چاہیے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے چائیے تاکہ متاثرہ خاندانوں کی بے چینی کا ازالہ ہوسکے ۔