سعودی عرب نے مہلک کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مملکت بھر میں مساجد میں جمعہ اور پنج وقت نمازوں کی ادائی معطل کرنے کا اعلان

0 146

کوئٹہ (امروز نیوز)
سعودی عرب نے مہلک کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مملکت بھر میں مساجد میں جمعہ اور پنج وقت نمازوں کی ادائی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا اور وہاں بدستور نمازوں کی ادائی جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے سعودی عرب کی تمام مساجد میں باجماعت نماز پر عارضی پابندی کا حکم جاری کیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق تمام ائمہ اور موذن حضرات کو اس پابندی پر عمل کی ہدایت دی گئی ہے۔یہ فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر سعودی عرب کے ممتاز علماءبورڈ کے فتوے کی بنیاد پر کیا گیا ہےمساجد میں اذان پر اکتفا کیا جائے گا۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔قبل ازیں سعودی مجلس العلما نے کورونا وائرس سے بچاﺅ اور اس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے جمعہ کی نماز اور مساجد میں فرض نمازیں جماعت سے ادا کرنے پر پابندی کا فتویٰ دیا تھا۔سعودی عرب میں مساجد میں نمازوں کی ادائی معطل کرنے کا فیصلہ سینیرعلماء پر مشتمل کونسل اور وزیر صحت کے درمیان اجلاس میں کیا گیا ہے۔اجلاس میں بورڈ کے رکن علما نے کورونا وائرس سے متعلق تمام متعلقہ رپورٹوں کا گہرائی سے جائزہ لیا۔ اجلاس میں وزیر صحت بھی شریک ہوئے۔وزیر صحت نے کورونا وائرس کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تیزی سے منتقل ہوتا ہے۔اجتماعی مقامات پر اس کا خطرہ بھیانک شکل اختیار کرلیتا ہے۔ بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر لوگوں کی جان کو زیادہ خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔سعودی عرب کے ممتاز علما نے قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ کو مد نظر رکھتے ہوئے فتویٰ جاری کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کی نماز اور مساجد میں باجماعت فرض نمازوں پر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔ اسلامی شریعت اس کی اجازت دیتی ہے۔نمازوں کے وقت اذان پر اکتفا کیاجائے۔ مساجد کے دروازے عارضی طور پر بند کر دیے جائیں۔ مساجد میں اذان دیتے وقت یہ جملہ باآواز بلند دہرایا جائے ’سب لوگ اپنے گھروں میں نماز پڑھ لیں‘۔سعودی علما نے یہ بات بھی واضح کردی کہ اس پابندی سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو مستثنیٰ رکھا جائے۔سعودی علما نے مقامی شہریوں او رمقیم غیر ملکیوں کو تاکید کی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کی حفاظتی اور احتیاطی تدبیر کی مکمل پابندی کریں اور ان سے بھرپور تعاون کریں۔ انتظامات کا احترام کریں۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مزید 38 مریض سامنے آگئے جس کے بعد مریضوں کی کل تعداد 171 ہوگئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.