آئی ایم ایف لچک پیدا کرنے کو تیار نہیں : رانا ثناء اللہ
لاہور : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان کے انتہائی مشکل معاشی حالات کے تناظر میں اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دیں لیکن اس کے باوجود بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے معاہدے پر دستخط نہیں کئے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا ہے پاکستان کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ آئی ایم ایف کی جانب سے کسی قسم کی کوئی لچک نہیں دکھائی جا رہی۔ حالانکہ ہم نے اس کی شرائط پر عمل درآمد کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تک بڑھا دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف سے کہا تھا کہ ہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تین چار قسطوں میں بڑھا دیں گے لیکن انہوں نے پاکستان کا یہ موقف ماننے سے انکار کر دیا اور ابھی تک معاہدے پر دستخط ہی نہیں کئے۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی ڈالر کی قیمت بھی اس لئے کم نہیں ہو رہی کیونکہ آئی ایم ایف کیساتھ ہمارا معاہدہ تاخیر کا شکار ہے۔ جب بھی ہمارا معاہدہ ہو جائے گا ہم ڈالر کی قیمت 182 کی سطح پر لے آئیں گے۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ ہم نے نہیں بلکہ عمران خان کی حکومت نے کیا تھا، اور اپنی سخت شرائط پر عمل درآمد کرانے کیلئے وہ کسی قسم کی لچک نہیں دکھا رہا۔