عمران خان کا نیب ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنےکا اعلان
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئر مین عمران خان نے رواں ہفتے نیب ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنےکا اعلان کر دیا۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے نیب قانون میں ترامیم کی ہے، نیب ترامیم کواسی ہفتے سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے، 26سال پہلے کرپشن کے خلاف تحریک شروع کی تھی، جب انصاف نہیں ہوتا تو کرپشن کی بیماری نظرآتی ہیں، اگرملک نے ترقی کرنی ہے تو قانون کی حکمرانی سے آئے گی، قانون کی حکمرانی کا مطلب کوئی بھی قانون سے بالاترنہیں۔ جس ملک میں ایک طبقہ قانون سے اوپر ہو تو ملک تباہ ہو جاتے ہیں، ایسے ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں وسائل نہیں انصاف کی کمی ہے، ملک کے بڑے، بڑے مجرموں کو قانون کے نیچے لانے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا، نیب ترامیم، ملک اور قوم کی توہین ہوئی، بے شرمی سے نیب ترامیم کو پاس کیا گیا ہے، ان کواس بے شرمی کی وجہ سے ہی جیل میں ڈال دینا چاہیے، انشااللہ ہمیں امید ہے عدالت نیب ترامیم کا پورا نوٹس لے گی، امپورٹڈ حکومت عوام کے لیے اقتدارمیں نہیں آئی، خرم دستگیرنے کہا عمران خان نے سب کوجیل میں ڈال دینا ہے، سب کوپتا ہے یہ امپورٹڈ حکومت اپنے کیسز ختم کرانے اقتدارمیں آئی ہے، اگریہ بے قصورتھے تو ان لوگوں کو کس چیز کا ڈرتھا، یہ نہیں ہوسکتا کسی کی ذات کے لیے قانون بنایا جائے، نیب ترامیم کے بعد نوازشریف، زرداری، مریم نوازبھی بچ جائیں گی، آصف زرداری، شہبازشریف کے خلاف اربوں کے کیسزہیں۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ترامیم کے بعد فیک اکاؤنٹس میں جو پیسہ آئے گا اب نیب کو ثابت کرنا پڑے گا، دنیا میں وائٹ کالرکرائم پکڑنا بڑا مشکل ہوتا ہے، ترامیم کے بعد آمدن سے زائد اثاثوں میں کیس والے سارے بچ جائیں گے۔ پاناما میں چار مہنگے ترین فلیٹس سامنے آئے تھے، پاناما کے مہنگے فلیٹس کی اصل مالکہ مریم نوازتھیں، ترامیم کے بعد اب نوازشریف، مریم نواز پاک صاف ہو کر نکل جائیں گی۔