کراچی میں مبینہ فوڈ پوائزننگ کے واقعہ میں ضلع پشین کے علاقے خانوزئی سے تعلق رکھنے والے 5 بچے جاں بحق ہوگئے جب کہ بچوں کی والدہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا

0 182

کوئٹہ(امروز نیوز)کراچی میں مبینہ فوڈ پوائزننگ کے واقعہ میں ضلع پشین کے علاقے خانوزئی سے تعلق رکھنے والے 5 بچے جاں بحق ہوگئے جب کہ بچوں کی والدہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا تفصیلات کے مطابق خانوزئی سے تعلق رکھنے والی متاثرہ فیملی نے صدر میں گزشتہ رات ایک ریسٹورینٹ سے کھانا کھایا اور ابتدائی تحقیقات میں بچوں کی اموات کی وجہ فوڈ پوائزننگ لگتی ہے۔فوڈ پوائزننگ سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں ڈیڑھ سال سے 9 سال کے درمیان ہے جب کہ بچوں کی والدہ نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔جاں بحق بچوں میں ڈیڑھ سالہ عبدالعلی، 4 سالہ عزیز فیصل، 6 سال کی عالیہ،7 سال کا توحید اور9 سال کی صلویٰ شامل ہے پولیس حکام کے مطابق متاثرہ فیملی گزشتہ رات ساڑھے 11 بجے کوئٹہ سے کراچی پہنچی اور ایک گیسٹ ہاؤس میں قیام کیا جہاں انہوں نے ہوٹل کے باہر سے کھانا منگوایا۔ پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ فیملی نے کراچی آنے سے قبل خضدار میں بھی کھانا کھایا تھا تاہم رات گئے 5 بچوں، والدہ اور پھوپھو کی طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد 7 افراد کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ایس پی گلشن طاہر نورانی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ مضر صحت کھانا کھانے کا لگتا ہے تاہم واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق گیسٹ ہاؤس کے جس کمرے میں متاثرہ خاندان نے قیام کیا اسے پولیس نے سیل کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کرلیے جب کہ جس ہوٹل سے کھانا منگوایا گیا، فوڈ اتھارٹی حکام نے اس کے کچن سے کھانے کے نمونے حاصل کرلیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.