پرویزالہی نےعمران خان کا ساتھ نہ چھوڑا تو میری ان سے ذاتی لڑائی ہے، آصف زرداری

0 265

سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پرویزالہی نےعمران خان ساتھ نہ چھوڑا تو اس کا مطلب ہے یہ میری اور ان کی ذاتی لڑائی ہے۔

مفاہمت کے بادشاہ آصف زرداری مزاحمت پر اتر آئے ہیں اور انہوں نے چوہدری شجاعت کے توسط سے چوہدری پرویز الہی کو جارحانہ تنبیہ بھی کر ڈالی ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ چوہدری پرویزالہی کو وزیراعلی پنجاب بنانے کے لئے میں نے نوازشریف کو راضی کیا، اور پرویزالہی کو وزیراعلی پنجاب بننے کی مبارکباد بھی دی اور انہوں نے شکریہ بھی ادا کیا۔

آصف زرداری نے کہا کہ صبح خبر ملی کہ پرویزالہی ہمارا امیدوار بننے کے بجائےعمران خان کے امیدوار بن گئے، میں چاہتا ہوں کے پرویزالہی عمران خان کے امیدوار کے طور پر سامنے نہ آئیں۔

آصف زرداری میری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ پرویزالہی کاراستہ روکوں، پرویزالہی نےعمران خان ساتھ نہ چھوڑا تو اس کا مطلب ہے یہ میری اور ان کی ذاتی لڑائی ہے۔

چوہدری شجاعت حسین کا بیان

چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک بار نہیں دو تین بار پہلے بھی یہی بات کہہ چکا ہوں، جن کو مینڈیٹ ملا حکومت کرنا اس کا حق ہے۔

صدر ق لیگ کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی ہی وزارت اعلیٰ کے لئے پارٹی کے امیدوار ہیں، مجھے صفائی پیش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کا حل اسی میں ہے کہ گنتی کے چکروں سے باہر نکلا جائے، غریب آدمی کے مسائل کی طرف توجہ دی جائے، جو غریبوں کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہو گا حقیقی معنوں میں اسی کی گنتی پوری ہو جائے گی۔

(ق) لیگ کے صدر نے مزید کہا کہ جو منتخب ہوئے ہیں وہ عوام کی خدمت کریں، اس فکر میں نا پڑیں کہ ایک دوسرے کو کیسے نیچے دکھانا ہے۔ ملکی مسائل کا حل اسی میں ہے کہ سال ڈیڑھ سال حکومت کا موقع ملنا چاہیے یا فوری انتخابات کی طرف جا یا جائے، فوری انتخاب سے مراد فوری ہیں مہینے نہیں۔

17 جولائی کو پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے جس میں تحریک انصاف نے بھرپور کامیابی حاصل کی اور صوبائی اسمبلی میں اکثریت حاصل کرلی ہے۔

دو روز قبل آصف زرداری نے پنجاب اسمبلی میں حمایت کے لیے چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات بھی کی تھی لیکن چوہدری شجاعت حسین نے کسی قسم کا واضح جواب نہیں دیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.