وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب سپریم کورٹ کے فیصلے کے عین مطابق ہوا،شیری رحمن

1 302

امید ہے اس معاملے کو مزید الجھنے سے پہلے عدالت فل بینچ تشکیل دے گی، آصف علی زرداری عمران خان کے حواس پر سوار ہیں، ملک کو نقصان عمران خان کے بدترین دور حکومت نے دیا، وزیر ماحولیات

اسلام آباد وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب سپریم کورٹ کے فیصلے کے عین مطابق ہوا پھرالیکشن کو کس بنیاد پر چیلنج کیا جا رہا ہے؟ امید ہے عدالت عظمیٰ معاملے کو مزید الجھنے سے پہلے فل بینچ تشکیل دیگی، ملک کو نقصان عمران خان کے مخالفین نے نہیں ان کے بدترین دور حکومت نے دیا، بے تحاشا قرضوں، بدانتظامی اور معاشرے میں پرتشدد تقسیم کے فاشسٹ ایجنڈا نے معاشی ’’سونامی‘‘پیدا کی ہے۔وفاقی وزیر نے ہفتہ کو اپنے ایک بیان اور عمران خان کے ٹویٹ پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فل بینچ کو اس آئینی معاملے کی تشریح کرنی چاہیے، ہر موقع پر آئین کی مختلف تشریح نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے25 ایم پی ایز کو پارٹی لائین کے خلاف ووٹ دینے پر ڈی سیٹ کیا گیا تھا، شیری رحمان الیکشن کمیشن اور عدالت کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف شادیانے بجا رہی تھی، اب جب اسی فیصلے کے مطابق پی ایم ایل کیو کے10 ارکان کا ووٹ مسترد کیا گیا ہے تو وہی تحریک انصاف احتجاج کر رہی ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ شکست کے بعد عمران خان نے اپنے ہی موقف سے یوٹرن لے لیا ہے، اپریل میں بحیثیت پارٹی چیئرمین عمران خان پنجاب کے ایم پی ایز کو پابند کر رہے تھے کہ وہ پرویز الٰہی کو ووٹ ڈالیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ اب کہتے ہیں پارلیمانی پارٹی کا سربراہ جو فیصلہ کرتا ہے ارکان اس پر ووٹ دیتے ہیں، سوال یہ ہے کہ کیا عمران خان اس وقت پارلیمانی لیڈر تھے؟۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ آصف علی زرداری پر الزامات لگانے اورانکے خلاف بد زبانی پر عمران خان اور تحریک انصاف کو اب معافی مانگنی چاہئے، آصف علی زرداری ان کے حواس پر سوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ کسی کے ووٹ نہیں خریدے گئے، نئے سیاسی اتحاد بنانا آئینی اور جمہوری عمل ہے، الیکشن میں جمہوری اور سیاسی آپشن استعمال کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ وفاق کی طرح پنجاب میں بھی عمران خان کو مانگے تانگے کے اتحادی چھوڑ گئے۔ وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے عمران خان کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو نقصان آپ کے مخالفین نے نہیں آپ کے بدترین دور حکومت نے پہنچایا ہے، آپ کی حکومت کے بے تحاشا قرضوں، بدانتظامی اور معاشرے میں پرتشدد تقسیم کے فاشسٹ ایجنڈا نے معاشی ”سونامی” پیدا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی پیدا کردہ معاشی تباہی پاکستان کو ایک تیز لہر کی طرح ٹکرائی ہے، آپ کا کام صرف اپنی طاقت کی حفاظت کرنا ہے۔ شیری رحمان نے مزید کہا کہ اپنی خود غرضی کے خاطر آپ نے پاکستان کو قربان کر دیا ہے، آپ کی حکومت نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ہمارے لئے اس تاریخی معاشی بحران میں حکومت لینے سے آسان تھا کہ آپ کو اپنی حکومت کے ساتھ ڈوبنے دیتے، لیکن تب تک آپ نے پاکستان کو ایسے بحرانوں میں ڈبو دینا تھا جن سے نکلنا ناممکن ہوجاتا۔ شیری رحمان نے کہا کہ آپ معیشت کو اس نہج پر لے جاتے جہاں سے واپسی ناممکن ہوتی، آپ نے چار سال کے دور میں ملک کو خوفناک صورتحال میں ڈال دیا، ستر سال میں پاکستان کے مجموعی قرضے 24 ہزار ارب تھے، آپ نے ملک کے مجموعی قرضے 50 ہزار ارب سے زائد پر پہنچا دیئے۔

شیری رحمان نے کہا کہ آپ ملک کو ڈیفالٹ کرنے جا رہے تھے بلکہ کوئی اور نہیں آپ خود ملک کے خلاف سازش کر رہے تھے۔

1 Comment
  1. […] میں یوسف رضا گیلانی سے ووٹ چھینے جائیں تو درست پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر رولنگ دیں تو غلط، رہنما پیپلز […]

Leave A Reply

Your email address will not be published.