23 مارچ نا اہل حکمرانوں سے نجات کا دن ہو گا، مولانا فضل الرحمن

0 136

کراچی(امروز ویب ڈیسک)اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ اورجے یوآئی کے قائد مولانا فضل الرحمان نے دعوی کیا ہے کہ 23 مارچ نا اہل حکمرانوں سے نجات کا دن ہو گا،بلدیاتی انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ نے مداخلت نہیں کی،نتائج نے پی ڈی ایم کے موقف کو درست ثابت کیاہے۔پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما اورجے یوپی کے سربراہ صاحبزادہ اویس نورانی کی رہائشگاہ پرپی ڈی ایم سندھ کے اجلاس میں خصوصی شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے

مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پی ڈی ایم 23 مارچ کو اسلام آباد کا رخ کرے گی،مہنگائی کے خلاف احتجاجی مارچ ناگزیرہے،ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کا رخ کریں گے،مارچ سے سرکاری تقریب میں خلل نہیں ہوگا،مارچ میں سندھ سے شرکت کے لئے علامہ راشد سومرو کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کے پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ نے مداخلت نہیں کی، قوتوں نے ہاتھ ہٹایا تو بلدیاتی انتخابات میں انجام سب نے دیکھ لیا،بلدیاتی انتخابات نے ثابت کردیا کہ پچھلے الیکشن میں دھاندلی ہوئی تھی ،

جے یو آئی پہلے بھی خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی سیاسی قوت تھی اب بھی ہے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات نے ثابت کردیا کہ پچھلے انتخابات دھاندلی زدہ تھے اوربلدیاتی نتائج پی ڈی ایم کے موقف کی فتح ہے،۔ ہم جمہوری لوگ ہیں اور ملک کو مستحکم کرنے کی بات کرتے ہیں،آپ ٹھیک ہو جائیں ہم تو ٹھیک ٹھاک ہیں۔ انہوں نے کہا ہم کہتے تھے حکومتیں دھاندلی کی پیداوار ہیں،پشاور میں ایم این اے ایم پی اے اور بیوروکریسی ان کی تھی لیکن تھوڑا سا ہاتھ ہٹایا گیا تو حشر نشر سب کے سامنے ہے۔مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری کے بیان کے حوالے سے پوچھے گئے

ایک سوال پر کہا کہ فارمولہ بنانے کی پیشکش کرنے والے واضح ہونے چاہئیں،فارمولا بنانے کی پیشکش کس نے کی واضح کیا جائے،جہاں ابہام ہو اس پر گفتگو نہیں کرتا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 23مارچ کے مارچ کیلئے تیاریاں کی جارہی ہیں کارکنوں کی سطح پر تیاریاں اور رابطے کیے جارہے ہیں، مہنگائی مارچ میں ملک کے کونے کونے سے لوگ شرکت کریں گے،23 مارچ کو عصر کے بعد اسلام آباد پہنچیں گے اورتقریبات میں کوئی خلل نہیں ہوگا،23 مارچ کو مہنگائی مارچ کے شرکاءنئے عزم و حوصلے کے ساتھ اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی جدوجھد کے مقاصد حاصل ہو رہے ہیں،

انتظار کرنا چاہیئے، تمام طبقات متفق ہیں کہ حکومت نہیں چل سکتی آئندہ سال انتخابات کا سال ہوگا۔ قبل ازیں پی ڈی ایم سندھ کا اجلاس مولانا راشد سومرو کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سیاسی صورتحال اور 23 مارچ کو منعقد ہونے والے مہنگائی مارچ پر غور و خوص کیا گیا۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان نے بطور خاص شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.