وزیراعلیٰ بلوچستان کی پشین میں پولیس اہلکار کے قتل کی مذمت، رپورٹ طلب کرلی
کوئٹہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے پشین میں پولیو ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ داخلہ اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لایا جائے اورپولیو رضا کاروں کی فول پروف سیکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کی بزدلانہ کاروائی میں پولیس اہلکار کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیاہے کہ سماج دشمن عناصر کے مزموم مقاصد کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے ، اپنے بچوں کے صحت مند مستقبل کا تحفظ کرینگے۔وزیراعلیٰ نے شہید اہلکار کے خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاءفرمائیں۔
دریں اثناءصوبائی مشیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے اور مستونگ میں ملزمان کی فائرنگ سے پولیس فورس کے کانسٹیبلز کی شہادت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے ، مشیر داخلہ نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکار کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانو ن کے کٹہرے میں پیش کیا جائے۔