مودی انتخابات جیتنے کیلئے خطے کا امن خراب نہ کرے ،پاکستان کی امن پسندی ‘ تحمل مزاجی کو کمزوری سمجھنا بھارت کی سنگین غلطی ثابت ہوگی‘ (ن) ، پی پی

0 164

لاہور( امروز نیوز ) اپوزیشن جماعتوں نے بھارتی طیاروں کی جانب سے در اندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی انتخابات جیتنے کیلئے خطے کا امن خراب نہ کرے ،پاکستان کی امن پسندی اور تحمل مزاجی کو کمزوری سمجھنا بھارت کی سنگین غلطی ثابت ہوگی،بھارت نے جنگ شروع کی تو انشا اللہ نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ،قوم کا ہر فرد افواج پاکستان کے ساتھ ہے ،بھارت نے کوئی حرکت کی تو خمیازہ بھگتنے کے لئے تیار رہے ۔ آصف زرداری نے کہا کہ نریندر مودی انتخابات جیتنے کیلئے خطے کا امن خراب نہ کریں ،بھارت میں بھی مودی کی پالیسیوں کے خلاف آوازیں بلند ہو رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امن کی پالیسی کو کمزوری تصور نہ کیا جائے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے بھارتی فضائیہ کی در اندازی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جنگ شروع کی تو نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا۔نریندر مودی خاکروبوں کے پائوں دھونے سے بڑا اور عظیم کام جنوبی ایشیا ء کے بیگناہ انسانوں اور غریبوں کو جنگ کی بھٹی میں نہ دھکیل کر سکتے ہیں۔ایک طرف وہ غریبوں کے پائوں دھو رہے ہیں تو دوسری طرف بے گناہ نہتے کشمیریوں اور دیگر مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور جنوبی ایشیا ء کے امن کو اپنے ہاتھوں سے آگ میں نہ دھکیلے۔پاکستان کی امن پسندی اور تحمل مزاجی کو کمزوری سمجھنا بھارت کی سنگین غلطی ثابت ہوگی۔پوری قوم بالخصوص پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ورکر ملک بھر میں مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں۔ہماری مسلح افواج جذبہ شہادت، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال جرات و بہادری کا پیکر ہیں، ہمیں اپنے بیٹوں، مادر وطن کے سجیلے جوانوں پر ناز ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مادر وطن کے تحفظ اور دفاع کی خاطرخون بہانے کے لیے میں محاذ جنگ پر جانے کے لئے تیار ہوں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.