جس عدالت نے نواز شریف کو باہر بھیجا وہ شہباز شریف سے جواب طلب کرے‘
(امروز نیوز)
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف فراڈ کرکے بیرون ملک گئے لہٰذا جس عدالت نے نواز شریف کو باہر بھیجا وہ شہباز شریف سے جواب طلب کرے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ میری بات مانتے تو نواز شریف کو جانے ہی نہ دیتے اور ہمارا نقطہ نظر یہ ہے کہ نواز شریف فراڈ کرکے بیرون ملک گئے لہٰذا جس عدالت نے نواز شریف کو باہر بھیجا وہ شہباز شریف سے جواب طلب کرے۔
نواز شریف کو فوراً وطن واپس لانا چاہیے، تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے، وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے نوازشریف کے معاملے میں تاخیر ہوئی ہے، ان کی واپسی پر لائحہ عمل فروغ نسیم اور اور شہزاد اکبر بنائیں گے، نواز شریف سے ذاتی لڑائی نہیں ہے، صرف جو پیسے باہر گئے وہ واپس آنے چاہئیں، کابینہ نے نواز شریف کے لندن جانے سے قبل کہا تھا 2.7 ارب روپے کی گارنٹی رکھی جائے، پہلے کیس میں نواز شریف 2.7 بلین واپس کر دیں پھر چاہے لندن جائیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے نواز شریف کی رپورٹس کی بنیاد پر باہر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا، مسئلہ ڈاکٹرزکا نہیں مسئلہ رپورٹ کا ہے کہ وہ کیسے بنیں لیکن اب تو نوازشریف ٹھیک ہیں اور گھوم پھر رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز اتنی اہم تھوڑی ہیں کہ انہیں کابینہ میں زیر بحث لایا جائے۔