افغانستان کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے ہم نے پوری دنیا کو پاکستان میں مدعو کیا، شیخ رشید
کراچی (امروز ویب ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت سے کسی کا ہاتھ نہیں ہٹا اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ حکومت کے تعلقات بالکل ٹھیک ہیں، ادارے بیس دن نہیں بیس سال کی پالیسیاں بناتے ہیں ،خود یہ لوگ جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، ٹارزن بننے کی کوشش کر ےنے والے اب ٹھس کر گئے ہیں،نواشریف واپس آناچاہتے ہیں تو اپنی جیب سے ٹکٹ کی پیشکش کرتا ہوں ،آپ کے خاندان کے تین لوگ یہاں موجود ہیں
، آپ بھی آ جائیں کوئی فرق نہیں پڑتا ،کرپشن کے جتنے ثبوت شہباز شریف کے خلاف ہیں دنیا میں کسی کے خلاف نہیں ہوں گے،یہ ہماری بد نصیبی ہے ، عمران خان کہیں نہیں جا رہا اور آخری وقت تک اس کرپشن زدہ قیادت کے خلاف لڑتا رہے گا،ٹی ٹی پی کے ساتھ بالواسطہ رابطے ہیں، براہ راست نہیں،الطاف حسین سے بات نہیں ہوسکتی۔ اتوار کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکومت سے کسی کا ہاتھ نہیں ہٹاادارے 20 دن نہیں 20 سال کی پالیسیاں بناتے ہیں، کوئی عقل کا اندھا اگر یہ سوچ رہا ہے کہ کسی ایک شخص کی پالیسی ہوتی ہے تو ایسا نہیں ہے،
ادارے کی پالیسی ہوتی ہے، اداروں کے تھنک ٹینک طویل المدتی پالیسی بناتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ انہوں نے یہی کرنا تھا، خود یہ لوگ جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، انہوں نے وہاں جاکر ٹارزن بننے کی کوشش کی اب ٹھس کر گئے ہیں۔سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میڈیا میں آڈیو ویڈیو کا شور برپا ہے، نواز شریف واپس آنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنی جیب سے ٹکٹ کی پیشکش کرتا ہوں، وہ بیماری کا ڈرامہ کرکے لندن گئے اور یقیناً صحتمند ہیں کیونکہ انہوں نے کسی ڈاکٹر کو نہیں دکھایا، آپ نے وہاں سے عدلیہ پر وار اور فوج کے خلاف بات کرنے، بیانات تیار کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ آپ کے خاندان کے تین لوگ یہاں موجود ہیں، آپ بھی آجائیں لیکن کوئی فرق نہیں پڑتا، عمران خان کہیں نہیں جا رہا اور آخری وقت تک اس کرپشن زدہ قیادت کے خلاف لڑتا رہے گا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ آصف زرداری نے کہا میں لاہور میں ٹینٹ لگانے جارہا ہوں، ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ ان کے اور میرے ٹینٹ کے اکھڑنے کا وقت آگیا ہے
۔حکومت کے خلاف شہباز شریف کے حالیہ بیان سے متعلق انہوں نے کہا کہ کرپشن کے جتنے ثبوت شہباز شریف کے خلاف ہیں دنیا میں کسی کے خلاف نہیں ہوں گے، یہ ہماری بدنصیبی ہے کہ ہم چینی چوروں، آٹا چوروں، منی لانڈررز کے خلاف کارروائی نہیں کر سکے لیکن شہباز شریف جیسے لوگ ہمارے گریبانوں میں ہاتھ نہیں ڈال سکتے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں میں نفرت ہے، وہ بے شک ہماری گورننس اور سیاست سے اختلاف کرتا ہو تاہم انہیں ذرہ برابر شک نہیں ہے کہ شریف خاندان اور زرداری خاندان کرپٹ، بےایمان اور ملک کی دولت باہر لے جانے والے ہیں، پاپڑ والے میں نے نہیں نکالے، آپ کے ملازم اربوں روپے جو ادھر سے ادھر کرتے رہے ہیں تو ایسا وقت بھی آسکتا ہے جب عوام اس طبقے کے ہی خلاف ہوجائیں گے۔انہوںنے کہاکہ لوگ ہمیں الزام دے رہے ہیں کہ ہماری وجہ سے سب ہو رہا ہے تاہم ہوا ان ہی وجہ سے ہے، ہماری غلطی یہ ہے کہ ہم وضاحت نہیں دے سکے۔ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ بالواسطہ رابطے ہیں، براہ راست نہیں، چاہتے ہیں
کہ سرحد پر خاردار تاڑیں لگانے کا کام باہمی اشتراک سے مکمل ہو۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے ہم نے پوری دنیا کو پاکستان میں مدعو کیا اور ہم طالبان کی مدد کرنا چاہتے ہیں، طالبان نے یقین دلایا کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف ایسے کئی واقعات کے مقدمات درج ہیں جو ملک میں قتل و غارت گردی کی وجہ بنے اس لیے ان سے بات نہیں ہوسکتی حالانکہ میرے ایم کیو ایم کے ساتھ تعلقات آج بھی ہیں کل بھی ہوں گے۔خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ناکامی سے متعلق انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا حسن ہے کہ کوئی زیادہ ووٹ لیتا ہے کوئی کم، خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف نے کم ووٹ نہیں لیے لیکن ان کے اپنے مسائل ہیں جس پر وہ بہتر تبصرہ کر سکتے ہیں