جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ختم، سپریم کورٹ میں تعیناتیوں کیلئے تمام نام مسترد

0 200

سپریم کورٹ میں ججز کی تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن پاکستان کا اجلاس ختم ہوگیا۔ جس نے چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف سے عدالت عظمیٰ میں تعیناتی کیلئے نامزد تمام نام کثرت رائے سے مسترد کردیئے۔

جوڈیشل کمیشن پاکستان کا اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی زیر صدارت ہوا، جس میں سندھ سے تین، پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ایک ایک جج کو عدالت عظمیٰ میں تعینات کرنے پر غور کیا گیا۔

جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس کے نامزد تمام نام کثرت رائے سے مسترد کردیئے، اجلاس میں جسٹس قیصر رشید، جسٹس شاہد وحید، جسٹس حسن اظہر، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس نعمت اللہ کے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔

جوڈیشل کمیشن کے 5 ارکان نے سپریم کورٹ میں تعیناتیوں کی مخالفت کی، جس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق مسعود، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور نمائندہ پاکستان بار کونسل ایڈووکیٹ اختر حسین شامل ہیں۔

جوڈیشل کمیشن کا اجلاس سپریم کورٹ میں 5 ججز کی تقرری کیلئے بلایا گیا تھا۔

سپریم کورٹ میں اس وقت 4 ججز کے عہدے خالی ہیں، جبکہ جسٹس سجاد علی شاہ کی اگست میں ریٹائرمنٹ پر ایک اور سیٹ خالی ہوگی۔

سپریم کورٹ میں ججز کی خالی اسامیوں کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید، پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس قیصر رشید کو سپریم کورٹ میں لانے کیلئے نامزد کیا گیا۔

اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے 3 ججز جسٹس حسن اظہر، جسٹس شفیع صدیق اور جسٹس نعمت اللہ کو بھی خالی ججز کے عہدوں پر مقرر کرنے پر غور کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.