عمران کی رہائی کیلئے تحریک: غیر حاضر اراکین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

0 113

لاہور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک میں اراکین اور عہدیداران کی عدم شرکت پر چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے غیر حاضر افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز ذرائع کے مطابق غیر حاضر اراکین اور عہدیداران کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں غیر حاضر رہنماؤں سے وضاحت طلب کی جائے گی جبکہ شوکاز نوٹس جاری کرنے کا معاملہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی میں بھی زیر بحث آیا بعض اراکین اور عہدیداران نے اس فیصلے کی مخالفت کی اور کہا کہ موجودہ حالات میں اس طرح کی کارروائیاں پارٹی میں مزید انتشار پیدا کر سکتی ہیں۔

تاہم ذرائع کے مطابق چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ اس فیصلے پر ڈٹی ہوئی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پارٹی نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس جو بھی عہدے ہیں وہ بانی پی ٹی آئی کی مرہون منت ہیں، اگر مقدمات اور جیل کا خوف ہے تو عہدے چھوڑ دیئے جائیں، جب بانی اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں تو ہم ڈرنے والے کون ہوتے ہیں؟

سیاسی کمیٹی کے بعض ارکان نے عالیہ حمزہ کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تاہم پارٹی قیادت کی جانب سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا جبکہ آئندہ دنوں میں اس حوالے سے مزید اراکین کو بھی نوٹس جاری کیے جا سکتے ہیں اور پارٹی نظم و ضبط کے حوالے سے سختی کا امکان ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.