عمران خان کا دوران حراست تشدد کے واقعات پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ

0 201

 لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف جسٹس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا کہ قوم کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

شاہدرہ میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم انسان ہیں بھیڑ بکریاں نہیں ہم دنیا کے سب سے عظیم لیڈر محمد مصطفیؐ کے امتی ہیں ہمیں جانوروں کی طرح نہ رکھا جائے، موجودہ حکمران 1100 ارب روپے کا ڈاکا معاف کرانے آئے ہیں، چوروں کو ہم پر مسلط کردیا جائے اور پھر کہا جائے کہ بھیڑ بکریاں بن جاؤ اور انہیں قبول کرلو تو ایسا نہیں ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ کبھی بھی غلام کی پرواز اونچی نہیں ہوئی، چاہتا ہوں کہ نوجوانوں کی تربیت ہو تاکہ انہیں پتا چلے کہ آزادی کیا ہوتی ہے، ہمیں شرم سے ڈوب مرنا چاہیے کہ ایک بزرگ کو مارا گیا، اعظم سواتی پر ان کے گھر والوں کے سامنے تشد کیا گیا، شہباز گل پر تشدد ہوا، جو ملک میں ظلم ہورہا ہے وہ انہیں نظر کیوں نہیں آرہا؟

عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا کام قانون کی حفاظت کرنا ہے قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، دوران حراست تشدد پوری دنیا میں خلاف قانون ہے اگر آپ ہمیں تحفظ نہیں دیں گے تو ہمارے حقوق کی حفاظت کون کرے گا؟

دریں اثنا عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ فیروز والا کی جانب رواں دواں ہے۔ مرید کے اور سادھو میں بھی لانگ مارچ کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی، رچنا ٹاؤن میں بھی میدان سج گیا ہے، دوسرے روز لانگ مارچ کی منزل کامونکی ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.