میر یوسف عزیز مگسی کی جدوجہد بلوچستان اور بلوچ قومی تحریک کا ایک ناقابل فراموش اور شاندار باب ہے،نیشنل پارٹی

0 182

کوئٹہ نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمدشہی نے عہد ساز بلوچ رہنماء میر یوسف عزیز مگسی کی برسی کے موقع پر ان کی عظیم سیاسی، سماجی، علمی و ادبی خدمات اور تاریخی جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر یوسف عزیز مگسی کی جدوجہد بلوچستان اور بلوچ قومی تحریک کا ایک ناقابل فراموش اور شاندار باب ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں سیاسی شعور پھیلانے، قومی جذبہ ابھارنے، اور جدید طرز سیاست متعارف کرانے میں قائدانہ کردار ادا کیا۔ انکی سیاسی، سماجی، علمی و ادبی خدمات اور قربانیوں نے بلوچ سیاست کو مستحکم فکری بنیادیں فراہم کیں۔ انہوں نے ہر قسم کے ذاتی، خاندانی و قبائلی مفادات پر بلوچستان کے اجتماعی مفادات کو ترجیح دی اور اپنی تمام توانائیاں بلوچ قوم میں سیاسی بیداری کے لیے وقف کردیں۔ انکے مضامین، شاعری، خطوط اور سیاسی سرگرمیاں ان کی قوم و وطن دوست فکر اور ترقی پسند نظریات کی بہترین عکاسی کرتی ہیں۔ ان سمیت دیگر اکابرین کی کاوشوں سے بلوچستان کی اولین منظم سیاسی پلیٹ فارم انجمن اتحاد بلوچاں کی صورت میں قائم ہوا۔ یوسف عزیز مگسی اور ان کے رفقاء نے نہ صرف انگریزوں کی حاکمیت سے آزادی بلکہ بلوچ شناخت کے تحفظ، اتحاد اور جمہوری و منصفانہ سماج کے قیام کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔ بدقسمتی سے میر یوسف عزیز مگسی کا انتقال عین جوانی میں ہوا جو بلوچ قوم کے لیے کسی عظیم سانحہ سے کم نہیں تاہم اپنی مختصر عمر میں انہوں نے بلوچ سماج، سیاست اور تاریخ پر انمٹ نقوش چھوڑے۔ بلوچستان کے تمام سیاسی کارکنوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے ان عظیم اکابرین کے فکر و نظریہ کو اپناتے ہوئے قومی جدوجہد کو آگے بڑھائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.