225 ارب کے مزید ٹیکس ملک میں معاشی تباہی، بے روزگاری اور مہنگائی کا قیامت خیز زلزلہ ثابت ہوں گے، شہباز شریف

0 76

کپاس ساڑھے پندرہ ہزار فی 40 کلو کی بلند ترین سطح پر ہے، برآمد کنندگان اور ملرز پہلے ہی پریشان بیٹھے ہیں ، اپوزیشن لیڈر
سیاہ آرڈیننس ملک میں رہی سہی جمہوریت کا گلا گھونٹ کر شخصی حکمرانی قائم کرنے کی طرف قدم ہے،متحدہ اپوزیشن آئین میں اداروں کے متعین اختیارات حکومت کو چھننے نہیں دےگی ، بیان
اسلام آباد (امروز ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ 225 ارب کے مزید ٹیکس ملک میں معاشی تباہی، بے روزگاری اور مہنگائی کا قیامت خیز زلزلہ ثابت ہوں گے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ کپاس ساڑھے پندرہ ہزار فی 40 کلو کی بلند ترین سطح پر ہے، برآمد کنندگان اور ملرز پہلے ہی پریشان بیٹھے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ پالیسی ریٹ بڑھا کر حکومت پہلے ہے اپنے بجٹ پر یوٹرن لے چکی ہے ،مہنگائی کا سورج غریبوں کا حلق خشک کر چکا ہے، ریلیف کے بجائے عوام کو ہر روز ایک نئی تکلیف میں مبتلا کیا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کی عاقبت نااندیشانہ شرائط ماننے والے حکمران قوم کو خودکشی پر مجبور کر رہے ہیں ،آرڈیننس کے ذریعے بڑی قانونی ترامیم پارلیمنٹ پر عدم اعتماد اور غیر آئینی و غیر جمہوری رویہ ہے ۔

انہوںنے کہاکہ یہ پارلیمنٹ ہی نہیں عدلیہ پر بھی حملہ ہے، حکومت نے خود کو بچا کر اداروں کی آئینی آزادی چھیننے کا قدم اٹھایا ہے ،نیب کے پہلے سے متنازعہ قانون میں آرڈیننس کے ذریعے 18 بڑی ترامیم حکومت کا جوابدہی سے فرار ہے ۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ سیاہ آرڈیننس ملک میں رہی سہی جمہوریت کا گلا گھونٹ کر شخصی حکمرانی قائم کرنے کی طرف قدم ہے،متحدہ اپوزیشن آئین میں اداروں کے متعین اختیارات حکومت کو چھننے نہیں دے گی ،تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حکومتی اقدامات روکیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.