سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن پر نوجوانوں کا جذبہ قابلِ تحسین ہے، بلاول بھٹو زرداری
پاکستان میں 20 لاکھ سے زائد افراد بینائی سے محروم ہیں،سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام
کراچی(امروز ویب ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے۔بلاول ہاﺅس میڈیا سیل سے جاری بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آج کا دن منا کر پاکستانی قوم نے ثابت کیا کہ وہ ذمے دار اور انسانیت دوست قوم ہے
۔انہوں نے کہاکہ سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن پر نوجوانوں کا جذبہ قابلِ تحسین ہے، پاکستان میں 20 لاکھ سے زائد افراد بینائی سے محروم ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جزوی طور نابینا افراد کی تعداد 60 لاکھ کے قریب ہے، پاکستان میں بینائی سے محروم افراد کو ہر سطح پر مشکلات کا سامنا ہے۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ حکومتِ سندھ کی جانب سے خصوصی افراد کی بحالی، بہبود اور روزگار سے متعلق قانون سازی قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی بینائی سے محروم افراد کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔