تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائیگی، نصیب اللہ مری
کوئٹہ (امروز ویب ڈیسک)صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ صوبے سے تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔ اساتذہ اپنی جائے تعیناتیوں پر حاضریوں کو یقینی بنائیں پڑھا لکھا بلوچستان ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریلوے سکول میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں شہدائے اے پی ایس کے لئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے شہدائے اے پی ایس کو ان کی لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج ہی کے دن آرمی پبلک سکول کے طلبااور اساتذہ نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا۔ شہداکی ان قربانیوں کے نتیجے میں امن قائم ہوا ہے ۔ شہدائے اے پی ایس کا غم آج بھی تازہ ہے ۔ انہوں نے ریلوے سکول میں اساتذہ کی حاضریوں پر انہیں داد دیتے ہوئے کہاکہ یہ بلوچستان کاپہلا سکول ہے جہاں کوئی استاد اور طلباغیر حاضر نہیں ۔ ریلوے سکول میں اساتذہ کی حاضری اور بہترین رزلٹ صوبے کے تمام سکولوں کی قابل تقلید مثال ہے،
انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی غیر حاضریوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گاانہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی جائے تعیناتیوں پر اپنی حاضری کو یقینی بنائیںکیونکہ پڑھالکھا بلوچستان ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے اور سکول کیلئے اعلانات بھی کئے۔