زخم کی تصدیق کرائیں پھر مقدمہ درج ہوگا، پرویز الہٰی کو پولیس نے قانونی طریقہ بتادیا

0 91

پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران زخمی ہو نے پر چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے دائر مقدمےکی درخواست پر پولیس نے انہیں میڈیکل معائنہ کرانےکے لیے خط لکھ دیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی  آج لاہور کے تھانہ قلعہ گجر سنگھ پہنچے اور پولیس کو اندراج مقدمہ کی درخواست دی۔

 درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ وزیراعلیٰ کے الیکشن کے دوران سول کپڑوں میں پولیس ملازمین ایوان میں داخل ہوئے،  انہوں نے ایوان کا تقدس پامال کرتے ہوئے خواتین ارکان کو دھکے مارے، آئی جی کے حکم پر ایس پی عمران،ایس پی مستنصر اور ایس ایچ او فاروق 2 سو سے تین سو مسلح ڈنڈا بردار پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ایوان میں داخل ہوئے اور پولیس اہلکاروں نے ایم پی ایز کو جان سے مارنے کی نیت سے حملہ کر دیا۔

 درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ حمزہ شہباز نے اپنے ایم پی ایز کو حکم دیا کہ پرویز الہٰی کو جان سے مار دو، حمزہ شہباز کے حکم پر رانا مشہود نے پولیس سے ڈنڈے لےکر مجھ پر وار کیا،  رانا مشہود کے وار سے میرا دائیاں بازو ٹوٹ گیا، جہانگیر خانزادہ نے بھی وار کیا جو ایم پی اے عامر کو ہاتھ پر لگا۔

درخواست جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ان کو لگا یہ مر گیا ہے،  یہ ساری کارروائی کمشنر، ڈی سی، آئی جی اور چیف سیکرٹری خود مانیٹر کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کل سے میں اسپیکر ہوں میں کارروائی کروں گا،  آرٹیکل 69 کے تحت آپ اسمبلی کی کارروائی کو چیلنچ نہیں کر سکتے۔

بعد ازاں  پولیس نے خط لکھ کر پرویز الہٰی کو کہا کہ پہلے زخم کی تصدیق کرائیں پھر مقدمہ درج ہوگا۔

خط کے متن کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کو اپنا میڈیکل کرانےکا کہا گیا ہے، میڈیکل رپورٹ کے بعد مقدمہ درج کیا جائےگا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.