نااہل حکمرانوں نے ملک کو پے در پے سیاسی، سماجی، معاشی اور آئینی بحرانوں کی طرف دھکیل کر شدید سیاسی بحران سے دوچار کردیا ہے، پی ڈی ایم بلوچستان

0 273

کوئٹہ (امروز ویب ڈیسک)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے مرکزی کال پر مہنگائی ،بے روزگاری ،بجلی ،گیس ،پیٹرولیم مصنوعات ،ادویات کی قیمتوں میں اضافے ،ملازمین کو ملازمت سے بے دخل کرنے اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں سردارمنیراحمد مینگل روڈ برما ہوٹل سریاب میں بلوچستان نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی کی میزبانی میں احتجاجی جلسہ منعقد کیاگیاجلسے کی صدارت نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سابق سینیٹر میرکبیر احمدمحمد شہی نے کی ۔تلاوت کلام پاک کی سعادت مولانامحمداکبر مینگل نے حاصل کی جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض بی این پی کے ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر ملک محی الدین لہڑی اور نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر چیئرمین اسلم بلوچ نے سرانجام دیں

جبکہ جلسے کی قراردادیں بی این پی کے ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر طاہر شاہوانی ایڈووکیٹ نے پیش کئے ۔جلسے سے نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر میرکبیراحمدمحمدشہی ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی ممبر وضلعی آرگنائزر غلام نبی مری ،پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر جمال شاہ کاکڑ، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ،جمعیت علماءاسلام کے ضلعی امیر مولاناعبدالرحمن رفیق، پشتونخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن اسمبلی نصراللہ زیرے ،نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر وضلعی صدرحاجی عطاءمحمدبنگلزئی

،بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر چیئرمین جاوید بلوچ، جمعیت علماءاسلام کے رہنماءمفتی عبدالسلام ،مسلم لیگ(ن) کے نظام الدین کرد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نااہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں کی آئی ایم ایف زدہ عوام دشمن معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک بھر میں عام عوام کو بدترین مہنگائی بے بروزگاری افراءتفریح ،سماجی ناانصافیوں اور بدامنی کا سامنا ہیں، اگر عوام نے مزیدخاموشی اختیار کی تو یہ مہنگائی کا طوفان نہیں رکے گا پی ڈی ایم عوام دشمن پالیسیوں پر خاموشی اختیار نہیں کرے گی

اور عوام کی بھرپور تائید وحمایت سے حکمرانوں کی ناروا وعوادشمن پالیسیوں کو ہر سطح پر ناکام بنانے کے لئے سیاسی اور جمہوری انداز میں مزاحمت کرینگے اور عوام کو اس جمہوری تحریک کی طرف راغب کرتے ہوئے متحرک کرکے نچلی سطح پر گلی کوچوں تک عوامی بیداری پیدا کرینگے کیونکہ موجودہ حکمرانوں کے ظالمانہ واستحصالانہ پالیسیوں کے نتیجے میں عوام کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نااہل حکمرانوں نے ملک کو پے در پے سیاسی ،سماجی ،معاشی اور آئینی بحرانوں کی طرف دھکیل کر شدید سیاسی بحران سے دوچار کردیاہے آج ملک کے تمام مکاتب فکر ،شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے طبقات حکومتی پالیسیوں سے نالاں اور سسٹم سے لاتعلقی اور بددلی کااظہار کررہے ہیں

جو قطعاََ نیک شگون نہیں ہے ،ملکی خارجہ وداخلی اور اقتصادی پالیسیوں میں ملکی سپریم ادارہ پارلیمنٹ کو بھی اعتماد میں نہیں لیاجارہا بلکہ ملک کی اہم سیاسی ،معاشی ،خارجی اور داخلی پالیسیوں کو غیر جمہوری آرڈیننس کے ذریعے چلا کر پارلیمنٹ کوبے توقیر کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان پاکستان کا پسماندہ صوبہ ہے جہاں پہلے سے موجود بد انتظامی، بد امنی، غربت، انسانی حقوق کے مسائل کے ساتھ ساتھ مہنگائی کے طوفان نے عام عوام کو مزید غربت، بے روزگاری اور بدامنی کی طرف دکھیل دیا ہے جس کی وجہ سے یہاں کی 80فیصد عوام غربت کی لکیر کے نیچے زندگی بسرکررہے ہیں

اور ایک وقت کی روٹی کیلئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں گزشتہ 70سالوں سے ملک میں مہنگائی کی موجودہ تناسب میں جو اضافہ ہواہے اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ان تمام مسائل کے باجود بے حس سلیکٹڈ و نااہل حکمرانوں کے وزرا ءاور درجنوں ترجمان روزانہ کی بنیاد پر عوام سے انتہائی بے شرمی اور ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ بولتے اور غلط بیانی کرتے ہیںاور عالمی مالیاتی اداروں کی سہولت کار بن کر مہنگائی کا تمام تر بوجھ یہاں کے غریب عوام پر ڈال رہے ہیںکیونکہ موجودہ حکمرانوں کو ایک خاص مقصد کیلئے اقتدار دیاگیا

تاکہ وہ اربوں روپے کے قرضے لیکر ٹیکسز اور سود کی رقم عوام سے وصول کریں ۔نااہل حکمرانوں کوعوام کے مسائل اورمشکلات سے کوئی سروکار نہیں ہے انہوں نے اقتدار سے قبل عوام سے بڑے بڑے دعوے کہ ہم ایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھر تعمیر کرینگے لیکن آج یہ عالم ہے کہ لاکھوں برسرروزگار لوگوں کو بے روزگار کیا اور لوگوں سے ان کی ہی چھت چھین لی گئی ہے ۔تھرڈ امپائیر کی آشیرواد سے دانستہ طور پر ملک بھر میں سیاست کو جمود کا شکار بنایا جارہا ہیں ملک کی حقیقی قیادت پر نیب اور احتساب کے نام پر جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں جب کہ دوسری جانب اپنے چہتے وزرا کو کھلی چوٹ دی گئی ہیں ،آٹا ،چینی ،چاول سمیت مختلف اسکینڈلز میں موجودہ مسلط نااہل حکمرانوں کے نام آرہے ہیں جو عوام کے وسائل کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹ رہے ہیں

۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ڈیموکرٹیک موومنٹ میں شامل حقیقی سیاسی جماعتیں عوام پر عالمی مالیاتی اداروں کے سہولت کاروں کے ذریعے مسلط کردہ ناروا مہنگائی ،بے روزگاری ،بجلی ،گیس ،پیٹرولیم مصنوعات ،ادویات کی قیمتوں میں اضافے ،ملازمین کو ملازمت سے بے دخل کرنے اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سراپااحتجاج ہیں ،عوام پی ڈی ایم کے احتجاجی تحریک کومضبوط کرنے کیلئے ان میں بھرپورشرکت کریں ۔اس سے قبل پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس نے مختلف شاہراہوں کا گشت کرنے کے بعد سردارمنیراحمدچوک پر پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا کارکنوں نے مہنگائی ،بے روزگاری اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.