ایکشن کمیٹی کا صنعت کی بقاء کیلئے احتجاجی مظاہروں اور احتجاج کو وسعت دینے کا اعلان
اخباری صنعت کی بقا کی جنگ سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے اور صنعت کی بقاء کیلئے آخری حد تک جانے کو تیار ہیں
چند افراد کی ایماء پر صنعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا، ہزاروں تعلیم یافتہ افراد کو بیروزگار کرنے کی سازش کی جارہی ہے
کوئٹہ ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا صنعت کی بقاء اور تحفظ کیلئے احتجاجی مظاہروں اور احتجاج کو وسعت دینے کا اعلان۔ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ آج بھی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جاری رہا،علامتی احتجاجی کیمپ میں اخبارات،جرائد اور اخبار مارکیٹ کے نمائندگان موجود رہے۔
احتجاجی کیمپ میں مشاورتی اجلاس بھی منعقد کیا گیا جہاں اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے،اخبار مارکیٹ کے مسائل سمیت دیگر امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اخباری صنعت کی بقا کی جنگ سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے اور صنعت کی بقاء کیلئے آخری حد تک جانے کو تیار ہیں۔
شرکاء کا کہناتھا کہ صوبے کی واحد صنعت کو چند افراد کی ایماء پر تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا ہے جبکہ ہزاروں تعلیم یافتہ افراد کو بیروزگار کرنے کی سازش کی جارہی ہے،ایسی ہر پالیسی کو مسترد کریں گے جس سے پرنٹ میڈیا متاثر ہوگا۔
علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاء نے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ اخباری صنعت کی بقاء کیلئے ہر شعبے کا فرد ایک پیج پر ہوگا۔