اے سی خراب ہونے سے پانچ بچوں کی ہلاکت سے حکومتی کارکردگی کا پول کھل گیا ‘ حمزہ شہباز

0 122

لاہور (امروز نیوز )پنجاب اسمبلی میں قائد حزب حمزہ شہباز نے ساہیوال ڈی ایچ کیو ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں پانچ بچوں کی ہلاکت کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چلڈرن وارڈ کا اے سی خراب ہونے سے پانچ بچوں کی ہلاکت سے حکومتی کارکردگی کا پول کھل گیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں پانچ بچوں کی ہلاکت کے ذمہ دار وزیر اعلی پنجاب اور وزیر صحت پنجاب ہیں۔ہم اپنے معصوم بچوں کوظالم حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی دس سالہ محنت کا دس ماہ کی تبدیلی نے بیڑہ غرق کردیا ہے،شہباز شریف کے دور حکومت میںکسی بھی سرکاری ہسپتال میںایک بھی ایسا افسوسناک واقعہ پیش نہیں آیا،پانچ بچوں کی ہلاکت حکومت کی نالائقی اور نا اہلی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پنجاب میں صحت کا شعبہ چلانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہیں،یاسمین راشد کواخلاقی طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک ہی دن میں سرکاری ہسپتال میں پانچ بچوں کی ہلاکت افسوسناک واقعہ ہے۔وزیر اعلی کے ترجمان شہباز گل کو نواز شریف کا کھایا اور پیا تو یاد ہے پنجاب کی خراب صورتحال نظر نہیں آتی۔سلیکٹیڈ اور غیر منتخب لوگوں سے اب بچے بھی غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.